اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے مین رن وے 07L/25R کی تعمیر نو کا کام عید الاضحی کے بعد شروع کر دیا جائے گا، اس حوالے سے تعمیراتی معاہدے پر دستخط کر دیئے گئے ۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ترجمان کی طرف سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ کے مین رن وے (07L/25R) کی دوبارہ تعمیر کے کنٹریکٹ پر دستخط کی تقریب سول ایوی ایشن ہیڈکواٹرز میں منعقد ہوئی۔ معاہدے پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے ڈائریکٹر پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ اور عمر جان اینڈ کمپنی کے ڈائریکٹر نے دستخط کئے۔مین رن وے کی دوبارہ تعمیر کے منصوبہ پر عید کے بعد کام شروع ہوجائے گا۔ مین رن وے 07/25R کی دوبارہ تعمیر سے ائیر سائیڈ انفراسٹرکچر میں بہتری آئے گی۔ دوبارہ تعمیر کے بعد کیٹیگری فور ایف بشمول اے۔ 380 تک کے وائیڈ باڈی جہاز رن وے استعمال کر سکیں گے۔ بہترایئر سائیڈ انفراسٹرکچر بڑھتے ہوئے مسافروں اور فلائیٹس کے دبائو سے نمٹنے میں مدد گار ثابت ہوگا۔ رن وے اپ گریڈیشن جناح انٹرنیشنل کو مستقبل میں ملکی اور بین الاقوامی دونوں ایئرلائنز کے لئے پرکشش بناتا ہے۔دوبارہ تعمیر ہونے والا مین رن وے جدید ترین سینٹرلائن لائٹس اور کیٹ۔ون ایئر فیلڈ لائٹنگ سسٹم سے لیس ہوگا۔جدید کیٹ۔ون ایئر فیلڈ لائٹنگ سسٹم کا کنٹرول اور مانیٹرنگ کا نظام کنٹرول ٹاور میں نصب کیا جائے گا۔ اپ گریڈیشن سے رن وے ایک ہزار فٹ بڑھ کر 11500 فٹ لمبا ہوجائے گا۔اپ گریڈیشن میں رن وے کے دونوں سروں پر ٹیکسی ویز اور ‘اووررنز’کی تعمیر نو بھی شامل ہے۔ رن وے کے اختتام کے قریب چار ٹیکسی لنکس کو بھی اسفالٹک اوورلے کے ذریعے دوبارہ تعمیر کیا جائے گا۔