اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز سے جمعرات کو جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پارلیمنٹ ہاؤس میں ملاقات کی۔ ملاقات میں قومی اسمبلی کے رواں اجلاس، قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل سمیت چمن بارڈر کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ مولانا فضل الرحمان نے اسپیکر کو چمن بارڈر کی صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ چمن باڈر پر کاروبار پر عائد سختیوں کی وجہ سے مقامی افراد احتجاج کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مقامی افراد سرحد پر روزگار کے سلسلے میں چھوٹے موٹے کاروبار کر کے بچوں کا پیٹ پالتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرحد پر عائد سختیوں اور ویزا لے کر روزگار کرنے میں مقامی افراد کو مشکلات کا سامنا ہے جس کی وجہ سے وہ احتجاج کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاک افغان بارڈر پر دیگر کراسنگ پوائنٹس پر بھی کاروبار پر سختیوں کی وجہ سے مقامی افراد کو مشکلات کا سامنا ہے۔انہوں نے حکومت کو اس سلسلے میں مقامی افراد کے مسائل اور مشکلات کو حل کرنے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے کی ضرورت پر زور دیا۔انہوں نے اس سلسلے میں اسپیکر قومی اسمبلی کو کردار ادا کرنے کا کہا۔ اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مولانا فضل الرحمان کو چمن بارڈر سمیت پاک-افغان بارڈر کے دیگر کراسنگ پوائنٹس پر مقامی ابادی کو درپیش مسائل کو حل کرنے کے لیے اپنے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے اور اس سلسلے میں حکومت سے بات کرنے کا بھی یقین دلایا۔