اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار نے وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورہ چین کے موقع پر بورڈ آف انویسٹمنٹ اور متعدد چینی اداروں کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب کی سربراہی کی۔جمعرات کو دفتر خارجہ کے مطابق اس موقع پر وزیراعظم کے معاون خصوصی سید طارق فاطمی، سیکرٹری خارجہ محمد سائرس سجاد قاضی، چین میں پاکستان کے سفیر خلیل ہاشمی، سیکرٹری بورڈ آف انویسٹمنٹ رحیم حیات قریشی اور ایڈیشنل سیکرٹری بی او آئی
ڈاکٹر ارفع اقبال بھی موجود تھے۔ایم او یوز پاکستان اور چین کے درمیان زراعت، لیبر انٹینسیو مینوفیکچرنگ انڈسٹری، ڈیجیٹل معیشت ، گرین معیشت اور لاجسٹک ماحولیاتی نظام میں تعاون پر توجہ مرکوز کرتے ہیں۔ نائب وزیراعظم نے اس موقع پر چین کی عالمی اقتصادی پالیسیوں کی اہمیت، چینی کاروباری اداروں کی بین الاقوامی مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرنے کی صلاحیت کا ذکر کیا۔ نائب وزیراعظم محمد اسحاق ڈار نے پاکستان کی مقامی مارکیٹ کی مماثلت کی صلاحیت پر بھی زور دیا۔