شینزن (نمائندہ خصوصی )وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ سے سن واک گروپ کے وفد نے شینزن، چین میں ملاقات کی۔ملاقات میں ڈیجیٹلائزیشن، ٹیلی کام انفراسٹرکچر اور فائبرائزیشن کے حوالے سے گفتگو ہوئی۔ سن واک وفد نے وزیر مملکت برائے آئی ٹی کو گروپ کے پاکستان میں نیشنل آپٹیکل فائبر پراجیکٹ جس کا آغاز 2021 میں ہوا، پر بریف کیا۔بدھ کو وزارت آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ نے سن واک گروپ کو پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے اور اس حوالے سے مستقبل کی منصوبہ بندی کوسراہا۔شزہ فاطمہ نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے لئے آپٹیکل فائبر کیبل نیٹ ورک بہت اہم ہے، موجودہ حکومت ملک بھر میں معیاری ٹیلی کام سروسز کی فراہمی کے لئے کوشاں ہے۔ انہوں نے سن واک گروپ کو اس کے مستقبل کے اقدامات میں حکومت پاکستان کے تعاون کی یقین دہانی کرائی۔دریں اثناء معروف ٹیکنالوجی کمپنی زیڈ ٹی ای کی ٹیم نے وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ سے ملاقات کی۔ ملاقات میں انفارمیشن و کمیونیکیشنز ٹیکنالوجی سلوشنز، انوویشن اور کنیکٹیویٹی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاکستان میں ڈیوائس مینوفیکچرنگ فیکٹری، فائبرائزیشن فیکٹری اور ڈیٹا سینٹرز کے قیام کے حوالے سے بھی گفتگو ہوئی۔