اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی سے کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن کی کنٹری ڈائریکٹر عظمیٰ یوسف نے بدھ کو ملاقات کی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن پاکستان کے نوجوانوں کو معیاری تعلیم فراہم کرنے میں مثبت کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ کیمبرج کو پاکستان میں اپنے کردار کے کو وسعت دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے خاص طور پر مقامی تعلیمی بورڈز کی تشخیصی صلاحیتوں کو بڑھانے میں اس کے کردار پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ تشخیص میں شفافیت اور
مصروفیت میں اضافہ وقت کی ضرورت ہے۔انہوں نے اس حقیقت کو سراہا کہ اب مقامی سکول بھی کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن کے امتحانات منعقد کر سکتے ہیں۔ وفاقی وزیر کو بتایا گیا کہ تقریباً 25 بڑے مقامی سکول پہلے ہی کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن کے امتحانات خود کر رہے ہیں۔ وفاقی وزیر تعلیم کو بتایا گیا کہ تشخیصی اصلاحات پر ایک قومی سیمینار کیمبرج اسسمنٹ انٹرنیشنل ایجوکیشن کے ساتھ مل کر ایک روڈ میپ ترتیب دینے کے لئے منعقد کیا جائے گا جس کا مقصد لوکل بورڈز کی تشخیصی صلاحیتوں کو بڑھانا ہے۔عظمیٰ یوسف نے وفاقی وزیر کو کیمبرج یوکے کا دورہ کرنے کی دعوت دی تاکہ کیمبرج یوکے کے عالمی علمی مرکز سے مقامی اداروں کے سیکھنے کو تیز کیا جا سکے۔ وفاقی وزیر تعلیم کو یہ بھی بتایا گیا کہ DARE اور ASPIRE پروجیکٹ میں بھی کیمبرج کے کردار کو بڑھایا جائے گا۔