اسلام آباد(اسٹاف رپورٹر ):وزیر مملکت برائے آئی ٹی و ٹیلی کمیونیکیشن شزہ فاطمہ خواجہ نے کہا ہے کہ ڈیجیٹلائزیشن کے لیے فائبرائزیشن، کینکٹوٹی اور ڈیجیٹل ڈیوائسز کا بڑا اہم کردار ہے، ڈیجیٹلائزیشن سے موثر عوامی خدمات اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے گا۔پیر کو وزارت انفارمیشن ٹیکنالوجی وٹیلی کمیونیکیشن سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر مملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ سے بل اینڈ میلینڈا گیٹس
فائونڈیشن کے وفد نے ملاقات کی۔وفد میں بل اینڈ ملینڈا گیٹس فائونڈیشن کے ڈپٹی ڈائریکٹر جیسن لیمب اور فائونڈیشن کے پاکستان میں کنٹری لیڈ سید علی محمود شامل تھے۔ملاقات میں ڈیجیٹلائزیشن پروسیس، ڈیجیٹل اکانومی اینہانسمنٹ پراجیکٹ، فائبرائزیشن، کینکٹوٹی اور ڈیجیٹل پے منٹس کے متعلق معاملات پر گفتگو ہوئی۔ملاقات میں سی ای او کارانداز وقاص الحسن بھی موجود تھے۔ملاقات میں وزیر مملکت برائے آئی ٹی شزہ فاطمہ نے کہا کہ موجودہ حکومت کی توجہ ملک بھر میں ڈیجیٹلائزیشن پر مرکوز ہے اور اس حوالے سے اقدامات جاری ہیں، ڈیجیٹلائزیشن سے شہریوں اور کاروبار کے لیے بہت زیادہ آسانیاں پیدا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹلائزیشن کے لیے فائبرائزیشن، کینکٹوٹی اور ڈیجیٹل ڈیوائسز کا بڑا اہم کردار ہے، ڈیجیٹلائزیشن سے موثر عوامی خدمات اور شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے گا۔وفد نے موجودہ حکومت کے ڈیجیٹلائزیشن کے لیے ویژن کو سراہا اور فائونڈیشن کی پاکستان میں ڈیجیٹلائزیشن پروسیس میں مکمل سپورٹ کی یقین دہانی کرائی۔ملاقات میں ڈائریکٹر جنرل انٹرنیشنل کوآرڈینیشن وزارت آئی ٹی سید جواد علی شیرازی بھی موجود تھے۔