اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ کلی معیشت کے اہم اشاریوں اور زرمبادلہ کے ذخائرمیں بہتری آ رہی ہے، پاکستان میں کام کرنے والی کورین کمپنیوں کو درپیش مسائل اور چیلنجزکو حل کیا جائیگا۔انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں پاکستان میں جنوبی کوریا کے سفیر اور پاکستان میں کام کرنے والی کورین کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات میں کہی۔ اجلاس میں سیکرٹری وزارت مواصلات، چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے)، ایم ڈی پرائیویٹ پاور اینڈ انفراسٹرکچر بورڈ (پی پی آئی بی) اور متعلقہ وزارتوں کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔کوریا کے سفیر نے حکومت کے اقتصادی اقدامات اور پاکستان اور کوریا کے درمیان مضبوط دوطرفہ تعلقات کو سراہا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کے حقیقی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر زور دیا۔ کورین کمپنیوں کے نمائندوں نے وزیر خزانہ کو منصوبوں کے نظام الاوقات اور آپریشنل کارکردگی سے متعلق اپنے خدشات سے آگاہ کیا۔ وزیر خزانہ نے وفد کو ملک میں کلی معیشت کے اہم اشاریوں اور زرمبادلہ کے ذخائر میں مثبت اضافہ پر روشنی ڈالی۔وزیر خزانہ نے پاکستان میں کام کرنے والی کورین کمپنیوں کو درپیش مسائل اور چیلنجز سے نمٹنے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور اس سلسلے میں متعلقہ حکام کو کاروبار کو آسان بنانے کے لیے سہولیات کو یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ ملاقات میں فریقین نے پاکستان اور کوریا کے درمیان اقتصادی تعاون کو مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے مفاد کے لیے باہمی خدشات کو دور کرنے کیلئے عزم کا اظہار کیا۔