میرپورخاص(نمائندہ خصوصی ):صوبائی وزیر زراعت سردار محمد بخش خان مہر نے کہا ہے کہ پاکستان میں 1 لاکھ 45 ہزار ایکڑ پر آموں کی پیداوار ہوتی ہے جس سے 9.7ملین آم کی پیداوار حاصل ہوتی ہےمحکمہ زراعت سندھ زرعی شعبے میں انقلابی اقدامات لانے کیلئے کوشاں ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ ہارٹیکلچر ریسرچ انسٹیٹیوٹ (فروٹ فارم ) میں 56ویں آموں کی نمائش کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔صوبائی وزیر زراعت سردار محمد بخش خان مہر نے مزید کہا کہ محکمہ زراعت سندھ زرعی انقلاب لانے کے لیے زرعی تحقیق کو فروغ دے رہی ہے تاکہ زرعی اجناس میں کاشتکاروں کو فائدہ پہنچے اور وہ اپنی پیداوار برآمد کرکے زر مبادلہ کما سکیں۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ محکمہ زراعت سندھ کی ہر ممکن کوشش ہے کہ وہ نہ صرف زراعت کے شعبے میں بلکہ کاشتکاروں کے درپیش مسائل کے حل کے لیے اقدامات کئے جائیں اور ایسے ٰکاشتکار دوست منصوبے بنائے جائیں جس سے براہ راست کاشتکاروں کو فائدہ پہنچے۔انہوں نے سیکریٹری زراعت کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وہ سندھ زرعی یونیورسٹی سے زرعی تحقیق سے فارغ ہونے والے طلبہ کو زرعی اجناس میں تحقیق کو فروغ دینے کے لیے انٹرنی کے طور پر لیا جائے اور انہیں محکمہ کی جانب سے وظیفہ دینے کے لیے بھی اقدامات کئے جائیں اور ہدایت کی کہ وہ محکمہ کے زرعی ماہرین کو پابند بنائیں کہ وہ آبادگاروں سے رابطے میں رہیں۔صوبائی وزیر زراعت سردار محمد بخش خان مہر نے کہا کہ ہمیں زرعی تحقیق کے ذریعے اینگرو بیس انڈسٹری تک پہنچنا ہے جس کے لیے ہمیں زرعی ذرائع بڑھانے ہوں گے۔ انہوں نے صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ کی گزارش پر سولرٹیوب ویل نصب کرنے کی یقین دہانی کرائی تاکہ پانی کی کمی کا مسئلہ حل ہو اس سے قبل صوبائی وزیر ثقافت سید ذوالفقار علی شاہ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرعی توسیع زرعی اجناس میں اضافے باغات کو ختم ہونے سے بچانے اور پانی کی کمی کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے محکمہ آبپاشی اور اور محکمہ زراعت کو باہمی تعاون وروابط سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر میرپورخاص ڈاکٹر رشید مسعود خان نے کہا کہ نمائش میں زرعی اجناس کو متعارف کروانے کے ساتھ ساتھ ثقافتی روایات کو بھی اجاگر کرنے کے لیے مختلف اسٹال لگائے گئے ہیں تاکہ لوگوں کو ثقافتی ورثوں سے بھی آشنائی ہو سکے تقریب میں سندھ بھر کے زرعی اجناس میں تحقیق کرنے والوں اور زرعی سائنسدانوں میں گولڈمیڈل دئے گئے۔اس موقع پر میئر عبدالرؤف غوری ، سیکریٹری زراعت رفیق احمد برڑو ، صحافیوں کاشتکاروں اورعام لوگ بڑی تعداد میں موجود تھے ۔