کراچی (رپورٹ : مرزا افتخار بیگ ) آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کے زیر اہتمام معروف میوزک پروڈیوسر،کمپوزر،ارینجراور پیانسٹ اظہر حسین کو خراجِ تحسین پیش کرنے لیے تقریب کا انعقاد آڈیٹوریم میں کیا گیا ۔تقریب کے آغاز میں اظہر حسین کی فنی زندگی پر بنائی گئی شوریل پیش کی گئی ۔ تقریب میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ ، اظہر حسین ، ٹینا ثانی ، اقبال لطیف ،عمران جاوید، امجد شاہ ، ہما شیخ ، سلمان علوی ، قاسم اظہر ، اشرف، تنویر آفریدی اور ثمینہ اسلم نے اظہار خیال کیا جبکہ معروف گلوکار عاصم اظہر ،بشری انصاری، انو کپور(بھارت ) ، سجاد علی اور طافو نے ویڈیو لنک کے ذریعے اظہار خیال کیا ۔ستارئہ امتیاز،ہلال امتیاز و صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے کہاکہ آرٹس کونسل نے فنکاروں کو ان کی زندگی میں ہی خراج تحسین پیش کرنے کی روایت شروع کی ہے۔ آج ایک بہت بڑا میوزک ہونے والے تھا۔لیکن ہمارے ایک بہت بڑے آرٹسٹ طلعت حسین ہمیں چھوڑ کر چلے گئے ہیں ہمارا دل غمگین ہو گیا ہے۔ میوزک کے پروگرامز تو چلتے رہیں گے۔ اظہر حسین جتنا اپنا میوزک انجوائے کرتے ہیں اتنا کوئی میوزیشن نہیں کرتا۔ چاہے آپ گانا گا رہے ہیں چاہے آپ مصوری کر رہے ہیں آرٹسٹ کی کریٹوٹی دس ہزار یا پچاس ہزار کے لیے نہیں ہوتی ۔آرٹسٹ اپنی پرفارمنس کو خود انجوائے کرتا ہے ۔ آرٹس کونسل آرٹسٹوں کا ہے اور ہم اس ادارے کو آگے لے کر جائیں گے ۔گلوکارہ ٹینا ثانی نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اظہر کے لیے کچھ کہنا مجھے مشکل لگتا ہے انہوں نے اسی کی دہائی میں مجھے بہت سپورٹ کیا ۔اس دور میں لڑکیوں کا گا نا بہت برا سمجھا جاتا تھا اگر میرے جیسے لوگ اس انڈسٹری میں کام کر رہے ہیں تو اس کی پہل اظہر نے ڈالی تھی ۔میری فیملی کو اظہر بہت پسند تھے ۔آج کے ماحول میں اس انڈسٹری میں لڑکیوں کا کمفرٹیبل ہونا بہت ضروری ہے ۔میری ماں نے اس انڈسٹری میں آنے سے پہلے یہ بات کہی تھی کہ جیسا تم برتاو کروں گی لوگ تمہارے ساتھ ویسا ہی بر تاوکریں گے ۔گلوکار عاصم اظہر نے وڈیو لنک کے ذریعے اظہار خیال کرتے ہوئے کہاکہ میں اس انڈسٹری کا حصہ ہونے کے وجہ سے آج بہت فخر محسوس کر رہا ہوں کہ آج میرے والد کو خراج تحسین پیش کیا جا رہا ہے۔میرے ابو کو ایک ایسے ادارے سے ایوارڈ مل رہا ہے جو آرٹس کے لئے کام کر رہا ہے ۔مجھے احمد شاہ صاحب کے ساتھ کام کرکے مزہ آتا ہے ۔مجھے احمد شاہ سے محبت ہے کہ وہ آرٹس کو پرموٹ کرنے کی ہر ممکن کوشش کر رہے ہیں۔بھارت کے معروف اداکار انو کپور نے وڈیو لنک کے ذریعے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرے لیے اعزاز کے بات ہے کہ میں نے اظہر بھائی کے ساتھ کام کیا۔ان کے ساتھ جو ٹائم گزرا وہ میں کبھی نہیں بھول سکتا ۔استاد غلام علی نے وڈیو لنک کے ذریعے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ اظہر بھائی اپنے قوم کے نمبر ون موسیقار ہیں۔وہ جتنا کام میں اچھے ہیں اتنا ہی پیار والے آدمی ہیں ہماری دعا ہے کہ وہ اس انڈسٹری کے لیے ایسے ہی کام کرتے رہے ۔اداکارہ بشریٰ انصاری نے ویڈیو لنک کے ذریعے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ مجھے اس بات کا دکھ ہے کہ میں وہاں نہیں ہوں۔اظہر حسین کی زندگی پر بات کروں تو سارا پروگرام ختم ہو جائے گا۔میں جب گاتی تھی تو انہوں نے سر لگانا تھا اور میں گانا شروع کر دیتی تھی نوجوانی کے دنوں سے انہوں نے پاکستان کے بڑے آرٹسٹوں کے ساتھ کام کیا۔میوزیشن اظہر حسین نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ میرے پاس بولنے کے لیے الفاظ نہیں ہیں ۔ پاکستان کے اس شہر نے مجھے بہت کچھ دیا۔ میں آرٹس کونسل کے پلیٹ فارم سے یہ وعدہ کرتا ہوں کہ اگر کوئی ادارہ مجھے بچوں کو کچھ سیکھانے کے لئے بلائے گا تو میں ضرور آوں گا۔ آپ سب نے مل کر میرا یہ دن خاص بنا دیا۔ تقریب میں آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی کی جانب سے میوزیشن اظہر حسین کو لائف ٹائم اچیومینٹ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔تقریب کی نظامت کے فرائض نعمان خان نے انجام دئیے۔