راولپنڈی/ تہران ( نیٹ نیوز)چیئرمین جوائنٹ چیف آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے ایرانی صدر و عسکری قیادت سے ملاقاتیں کیں جس میں علاقائی سیکیورٹی اور اسٹرٹیجک امور پر تفصیلی بات چیت، سیکیورٹی اور دفاعی تعاون کو مزید وسعت دینے پر اتفاق کیا گیا ۔آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا نے ایران کے دورے کے دوران ایرانی صدر سید ابراہیم رسول ساداتی سے ملاقات کی، دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ سیکورٹی اور دفاعی تعاون کو مضبوط بنانے سمیت دوطرفہ سٹریٹجک دلچسپی کے امور اور علاقائی سلامتی کے ماحول پر تبادلہ خیال کیا گیا، دونوں جانب سے بامعنی اور دیرپا سیکورٹی اور دفاعی تعاون کی خواہش کا اظہار کیا گیا۔جنرل ندیم رضا نے ایرانی وزیر دفاع بریگیڈیئر جنرل محمد رضا غرائی اشتیانی، چیف آف جنرل اسٹاف میجر جنرل محمد باقری، کمانڈر انچیف اسلامی انقلابی گارڈ کور میجر جنرل حسین سلامی، ایرانی بحریہ کے سربراہ ریئر ایڈمرل شہرام ایرانی، ایرانی فضائیہ کے بریگیڈیئر جنرل حامد واحدی سے ملاقاتیں کیں، ملاقاتوں میں دونوں ممالک کے درمیان فوجی رابطے کی سطح اور دائرہ کار بڑھانے کے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا، دونوں جانب سے قرار دیا گیا کہ مشترکہ سرحدیں ”امن اور دوستی کی سرحدیں“ہونی چاہئیں، ایرانی عسکری قیادت نے پاکستان کی مسلح افواج کی پیشہ وارانہ مہارت کو سراہا اور دہشتگردی کے خلاف جنگ میں ان کی قربانیوں کا اعتراف کیا۔