پشاور۔ (نمائندہ خصوصی ):سوات ما لم جبہ روڈ پر گزشتہ رات پی سی ہوٹل مالم جبہ کے ملازمین کولے جانے والی ہائ ایس بس کھائ میں گرنے سے6ملازمین جاں بحق اور 7 دیگر زخمی ہوگئے۔ترجمان ریسکیو 1122سوات کےمطابق اطلاع موصول ہوتے ہی ریسکیو امدادی ٹیم نے جائے وقوعہ پہنچ کر نعشوں وزخمیوں کو کھائ سےنکال کرسول ہسپتال خوازہ خیلہ اور سیدو شریف ہسپتال مینگورہ منتقل کیا۔ترجمان ریسکیو 1122سوات اورسوات پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والوں میں انعام اللہ ولدسفیرالرحمان ،عثمان ولد بخت نواب ،آفتاب حسین ولد عبد الرحمان ساکنان دشبند،امجدعلی والد آغاخان سکنہ مالم جبہ جبکہ ایک نامعلوم شامل ہیں ۔ پی سی ہوٹل مالم جبہ کے ملازمین کے لئےسرینا ہوٹل مینگورہ میں ڈینر پارٹی کا اہتمام کیا گیا تھا جس میں شرکت کے لئے پی سی ہوٹل مالم جبہ کے ملازمین مینگورہ سوات جارہے تھےکہ سوات مالم جبہ روڈ پر ہائ ایس بس ڈرائیور سے بے قابو ہوکر کھائ میں گرنے سےبس میں سوار6 افراد جاں بحق اور 7د یگر زخمی ہوگئے جنہیں ریسکیو1122ودیگر گاڑیوں کے ذریعے سول ہسپتال خوازہ خیلہ اور سیدوشریف مینگورہ سوات منتقل کردیا گیا۔سول ہسپتال خوازہ خیلہ کی انتظامیہ کے مطابق پانچ نعشیں اور پانچ زخمیوں کویہاں سول ہسپتال خواہ خیلہ جبکہ ایک نعش ودوزخمیوں کوسیدوشریف ہسپتال سوات منتقل کر دیا گیا ہے۔سول ہسپتال خوازہ خیلہ کے انتظامیہ کےمطابق لائے گئے زخمیوں میں دوکی حالت تشویش ناک ہونے کے باعث انہیں ابتدائ طبی امدادفراہم کرتےہوئےسیدوشریف ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے جبکہ دیگرتین زخمیوں کی حالت خطرے سےباہر ہے،جن کاعلاج سول ہسپتال خوازہ خیلہ میں جاری ہے۔سول انتظامیہ کے مطابق سول ہسپتال خوازہ خیلہ میں زخمیوں کو بہترین علاج ومعالجےو طبی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔