اسلام آباد(نمائندہ خصوصی ):پاکستان انٹر نیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) نے کیبن کریو ( جہازکے عملہ) کے عالمی دن پر ایئر لائنز سے وابستہ عملہ کے اراکین ہوابازوں و ایئر ہوسٹسز کو مبارکباد دی ہے۔ کیبن کریو ڈے ہر سال 31 مئی کو منایا جاتا ہے جسے انٹرنیشنل فلائٹ اٹینڈنٹ ڈے کے نام سے بھی جانا جاتا ہے۔31 مئی کو انٹرنیشنل فلائٹ اٹینڈنٹ ڈے کے موقع پر پرواز کے عملے کے ان ارکان کو خراج تحسین پیش کیا جاتا ہے جو پرواز کے دوران سب سے پہلے ہوائی جہاز میں داخل ہوتے ہیں اور سب کے اترنے کے بعد دیر تک جہاز میں موجود رہتے ہیں اور دوران پرواز چوکس رہتے ہوئے مسافروں کی دیکھ بھال اور میزبانی کرتے ہیں اور محفوظ ترین سفر کی یقین دہانی کراتے ہیں۔کیبن کریو کے یہ ارکان مختلف حالات کے لئے اچھی طرح سے تیار اور تربیت یافتہ ہوتے ہیں، جن میں سے زیادہ تر فضا میں 35 ہزار فٹ کی بلندی پر پرواز کرتے ہوئے اور بسا اوقات بحرانوں کے دوران بھی مسافروں کے محفوظ سفر کے لئے کوشاں ہوتےہیں اور دستیاب بہترین درمیانی مہمان نوازی فراہم کرتے ہیں جبکہ اس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ ہم اپنی منزل پر محفوظ طریقے سے پہنچ جائیں۔آئی اے اور سول ایوی ایشن حکام کی طرف سے کیبن کریو کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ آج کا دن ان حیرت انگیز افراد کو خراج تحسین پیش کرنے کا دن ہے جو خوشی یا غمی کا سفر کرنے والے مسافروں کے ساتھ خندہ پیشانی کے ساتھ پیش آتے ہیں اوراس بات کو یقینی بناتے ہیں کہ سفر محفوظ، آرام دہ اور یادگار ہو۔ان کی پرجوش مسکراہٹوں سے لے کر ان کی غیر متزلزل لگن تک پی آئی اے اپنے کیبن کریو کے جذبے اور مہمان نوازی کے جوہر کو سلام پیش کرتی ہے اور ہر پرواز کو ایک خوشگوار تجربہ بنانے کے لئے انکے شکرگزار ہیں ۔ اس موقع پر فضائی مسافر کے دوران شہید ہونے والے عملہ کے ارکان کو بھی خراج عقیدت پیش کیا گیا اور شہدا کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا گیا۔