اسلام آباد۔(کامرس رپورٹر )فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) کی محصولات میں جاری مالی سال کے پہلے گیارہ ماہ میں سالانہ بنیادوں پر 31 فیصدکا نمایاں اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے، مئی میں محصولات اکٹھا کرنے کی شرح میں سالانہ بنیادوں پر 33 فیصد کی غیر معمولی نمو ہوئی ہے ۔ایف بی آر کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمار کے مطابق مئی 2024 کے مقررہ ہدف 745 ارب روپے کے مقابلہ میں 760 ارب روپے کے محصولات جمع کر لئے گئے ہیں۔ترجمان ایف بی آر نے بتایا کہ مئی کے مہینے میں اندرونی ٹیکسوں میں 43 فیصد کا متاثر کن اضافہ ہوا ہے۔حکومت کی پالیسی ہے کہ زیادہ وسائل اندرونی ٹیکسز سے حاصل کئے جائیں۔محصولات کے تفویض کردہ اہداف کے حصول کے لئے ٹیم ایف بی آر نے ان تھک محنت کی ہے۔ چیئرمین ایف بی آر نے ایف بی آر کے افسران اور سٹاف کے عزم اور محنت کو سراہا ہے۔ترجمان نے کہا کہ ایف بی آر رواں مالی سال کے آخری مہینے جون 2024 کے مقرر ہدف کو حاصل کرنے کے لئے پرعزم ہے۔