اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے آئی بی اے سکول آف بزنس سٹڈیز (ایس بی ایس) کراچی میں منعقدہ تیسری بین الاقوامی کانفرنس میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی۔قومی اور بین الاقوامی معززین نے اس اجلاس میں شرکت کی اور خطاب کیا جن میں ڈاکٹر نورا کولٹن ڈائریکٹر یونیورسٹی کالج لندن، ڈاکٹر جیوفری ووڈ ڈین ویسٹرن یونیورسٹی کینیڈا، ڈاکٹر ایڈم زریمبا ایسوسی ایٹ پروفیسر مونٹپیلیئر بزنس اسکول فرانس، ڈاکٹر طارق رفی چیئرمین ایچ ای سی سندھ اور دیگر شامل تھے۔وفاقی وزیر برائے بحری امور قیصر احمد شیخ نے سامعین سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلباء کو اعلیٰ معیار کے تعلیمی وسائل تک رسائی فراہم کرنے کے لئے مصنوعی ذہانت (اے آئی) ہی آگے بڑھنے کا راستہ ہے،چاہے ان کا معاشی یا جغرافیائی علاقہ کوئی بھی ہو۔اس کے علاوہ مصنوعی ذہانت ہر طالب علم کی ترقی کا جائزہ لے سکتی ہے اور کم وقت میں رائے فراہم کر سکتی ہے جس سے انہیں اپنی صلاحیت اور بہتری کے لئے نشاندہی کرنے میں مدد ملتی ہے۔