اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ظلم و بربریت سے اب تک 36 ہزار فلسطینی شہید ہو چکے ہیں، اسرائیلی بدترین وحشیانہ ظلم کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے ، عالمی برادری کو فلسطینیوں اور کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دلانے کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو غزہ اور رفح میں فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم اور بربریت کے حوالہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔وزیراعظم نے کہا کہ گذشتہ 8 ماہ سے اسرائیلی حکومت غزہ میں بربریت اور بدترین وحشیانہ ظلم کر رہی ہے، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے، کم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب تک تقریباً 36 ہزار فلسطینی مسلمان شہید ہو چکے ہیں جن میں ہزاروں بچے اور بچیاں شامل ہیں، مائوں کے لخت جگر چھین لئے گئے، نوجوانوں اور والدین کو شہید کیا گیا، 8 ماہ بعد بھی آج اسرائیل کی خون کی پیاس ختم نہیں ہوئی، غزہ کے ساتھ رفح میں حملے شروع ہو چکے ہیں، بچوں سمیت بزرگوں، مائوں اور بہنوں کو دن رات شہید کیا جا رہا ہے اور ہزاروں گھر مسمار کر دیئے گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ستم ظریفی یہ ہے کہ عالمی عدالت انصاف کے فیصلے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کو پامال کیا جا رہا ہے، دنیا کی کوئی طاقت اسرائیل کو اس کے مظالم سے نہیں روک سکی، وہاں جو خون کی ہولی کھیلی جا رہی ہے یہ سب کچھ آج تک نہیں دیکھا تھا، عالم اسلام اسرائیل کے ظلم و ستم پر او آئی سی میں بھرپور آواز اٹھا رہا ہے، اس حوالہ سے سعودی عرب کے ولی عہد شہزاد محمد بن سلمان بھرپور آواز اٹھا رہے ہیں،متحدہ عرب امارات، قطر اور دیگر ممالک بھی اپنا کردار ادا کر رہے ہیں، سپین، ناروے، آئرلینڈ سمیت یورپی ممالک کا شکرگزار ہوں جنہوں نے اس ظلم اور بربریت کے خلاف فلسطین کی آزاد حکومت کے قیام کی بھرپور تائید کی ہے جو کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے عین مطابق ہے، میں نے ناروے اور آئرلینڈ کے وزراء اعظم کو خود ٹیلیفون کرکے مبارکباد دی اور اپنی حکومت اور 25 کروڑ پاکستانیوں کی جانب سے شکریہ ادا کیا کیونکہ وہ نہتے فلسطینی عوام کیلئے اٹھ کھڑے ہوئے اور فلسطین کی آزاد ریاست کے قیام کیلئے بھرپور آواز اٹھائی،مجھے یقین ہے کہ اس سے دوسرے ممالک کو حوصلہ ملے گا اور وہ ان تین یورپی ممالک کی طرح کی آواز کے ساتھ اپنی آواز ملاتے ہوئے ایک آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کیلئے آواز اٹھائیں گے اور کاوشیں کریں گے، دعا ہے کہ غزہ میں جو ظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں ان کا جلد خاتمہ ہو اور فلسطینی عوام جو مشکل میں زندگی بسر کر رہے ہیں ان کی جلد سے جلد گھروں میں آباد ہونے کیلئے دعاگو ہیں اور ریاست فلسطین کا جلد از جلد وجود عمل میں آئے۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کیلئے بھرپور آواز اٹھاتا رہوں گا، عوام کی سوچ کی عکاسی کرتے ہوئے مطالبہ کرتا ہوں کہ ان دونوں مظلوم اقوام کو ان کا حق دلانے کیلئے عالمی طاقتیں اپنا کردار ادا کریں۔