اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ویئر ہائوس اور لاجسٹکس کو انڈسٹری کا درجہ دینے کا اعلان کرتے ہوئے اس حوالے سے تمام ضروری قانونی تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ معیشت بحالی کی پٹڑی پر گامزن ہے، مزید معاشی استحکام کیلئے کام کر رہے ہیں۔ جمعرات کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملک بھر کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری اور مختلف صنعتی و کاروباری ایسوسی ایشنز کے نمائندگان نے ملاقات کی۔وزیراعظم نے ویئر ہائوس اور لاجسٹکس کو انڈسٹری کا درجہ دینے کا اعلان کیا اور اس حوالے سے تمام ضروری قانونی تقاضے پورے کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ معیشت بحالی کی پٹڑی پر گامزن ہے ، مزید معاشی استحکام کے لئے کام کر رہے ہیں ، معیشت کو مکمل طور پر ڈیجیٹائز کیا جا رہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی ڈیجیٹائزیشن پر کام کا آغاز کیا جا چکا ہے ، پاکستان میں مقامی سرمایہ کاری بڑھے گی تب ہی بیرونی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا ۔ وزیراعظم نے کہا کہ اپنے آنے والے دورہء چین کے دوران چینی انڈسٹری کو پاکستان میں صنعتیں لگانے کی دعوت دوں گا، حکومت کاروبار دوست ماحول فراہم کرنے کے حوالے سے بھرپور اقدامات اٹھا رہی ہے ،حکومتی پالیسیوں سے افراط زر میں کمی واقع ہوئی ہے ۔ محمد شہباز شریف نے کہا کہ بجلی کی قیمتوں میں کمی لانے کے لئے متبادل توانائی بالخصوص شمسی توانائی
کے نئے منصوبوں کی حوصلہ افزائی کریں گے ، تین بڑے ائیرپورٹس کی آؤٹ سورسنگ پر کام کا آغاز ہو چکا ہے ، قومی خزانے کو اربوں روپے کے نقصان سے بچانے کے لئے ماسواۓ چند اسٹریٹیجک ریاستی ملکیتی اداروں کے بقیہ تمام ایس او ایز کی نجکاری کر رہے ہیں ۔ وزیراعظم نے کہا کہ آئی ٹی انڈسٹری کی بہتر شرح نمو خوش آئند ہے ، بیرون ملک تعیناتی ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ افسران کی کارکردگی جانچنے کے لئے تھرڈ پارٹی ویلیڈیشن کروائی جا رہی ہے ۔وزیراعظم نے وفد کو ان کے تمام جائز مطالبات اور مسائل کے حل کی یقین دہانی کرائی۔وزیراعظم نے وفاقی وزراء کو تمام صنعتی شعبوں کے ساتھ تفصیلی بات چیت کے لئے ٹاسک دے دیا ۔ وفد نے حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کیا ۔ کاروباری برادری نے وزیر اعظم کی جانب سے مختلف فورمز پر زیر التواء ان کے دیرینہ مطالبے کو پورا کرنے پر اظہار تشکر کیا۔ وفد نے یقین دہانی کرائی کہ کاروباری برادری معیشت کی بہتری اور ٹیکس نیٹ میں اضافے کے حوالے سے حکومت کا بھرپور ساتھ دے گی ۔ملاقات میں وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان ، وفاقی وزیر خزانہ و محصولات محمد اورنگزیب ، وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین ، وزیر مملکت علی پرویز ملک ، وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر رانا احسان افضل ، چیئر مین فیڈرل بورڈ آف ریونیو اور دیگر اعلیٰ سرکاری افسران نے شرکت کی ۔