اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وزارت تعلیم و پیشہ ورانہ تربیت نے معروف پا کستانی کوہ پیما خاتون نائلہ کیانی کو لڑکیوں کی تعلیم کے لئے قومی خیر سگالی سفیر مقرر کیا ہے۔ جاری پریس ریلیز کے مطابق نائلہ کیانی پاکستان بھر میں لڑکیوں میں تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنے اور وفاقی و صوبائی حکومتوں کے تعلیمی اقدامات کے فروغ کے لئے عملی کردار ادا کریں گی۔نائلہ کیانی پہلی پاکستانی اور مجموعی طور پر تیسری پاکستانی خاتون ہیں جنہوں نے 8,000 میٹر سے بلند 14 بلند ترین چوٹیوں میں سے 11 کو سر کیا ہے۔ وہ دنیا بھر کے ان دس کوہ پیماؤں میں شامل ہیں، اور واحد پاکستانی ہیں، جنہوں نے 2023 میں چھ ماہ سے بھی کم عرصے میں 8،000 میٹر سے زیادہ بلند متعدد (سات) چوٹیاں سر کیں۔ نائلہ کیانی ستارہ امتیاز حاصل کرنے والی واحد خاتون ایتھلیٹ ہیں جو پاکستان میں کسی بھی خاتون ایتھلیٹ کو دیا جانے والا سب سے بڑا سول اعزاز ہے۔نائلہ ایک ایرو اسپیس انجینئر اور بینکر بھی ہیں، ان کا ماننا ہے کہ تعلیم خواتین کو بااختیار بنانے اور ملک کی کامیابی کی ضامن ہے۔ نائلہ کیانی قومی خیر سگالی سفیر کے طور پر لڑکیوں کی تعلیم کی اہمیت کے بارے میں شعور بیدار کریں گی، لڑکیوں کے لئے تعلیمی مواقع کو بہتر بنانے کے لئے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کی طرف سے اقدامات کے فروغ کے لئے فعال کردار ادا کریں گی اور ملک بھر میں نوجوان لڑکیوں کو اپنے خوابوں کی تکمیل اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لانے کے لئے ترغیب دیں گی۔ایک بیان میں نائلہ کیانی نے کہا ہے کہ مجھے لڑکیوں کی تعلیم کے لئے قومی خیر سگالی سفیر مقرر ہونے پر فخر ہے، تعلیم ہمارے ملک کی خواتین کو بااختیار بنانے اور کامیابی کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے اس پلیٹ فارم کو تعلیمی اقدامات کے سلسلے میں مکمل حمایت کا یقین دلاتی ہوں اور اس حوالے سے مدد فراہم کرنے کے لئے پرعزم ہوں جو اس بات کو یقینی بنائے گا کہ پاکستان میں ہر لڑکی کو معیاری تعلیم تک رسائی حاصل ہو۔