سرینگر: (مانیٹرنگ ڈیسک )غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر سے تعلق رکھنے والے معروف ڈاکٹر میر مشتاق کو عالمی ادارہ صحت نے تمباکو نوشی کی روک تھام میں غیر معمولی خدمات پر ایوارڈسے نوازا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محکمہ صحت میں تمباکو نوشی کی روک تھام کے پروگرام سے منسلک ڈاکٹر مشتاق یہ اعزاز حاصل کرنے والے مقبوضہ جموں و کشمیر کے پہلے ڈاکٹر ہیں۔ تمباکو نوشی کی روک تھام میں ان کی انتھک کوششوں اور متاثر کن کام نے کمیونٹی اور صحت عامہ کی بہبود میں نمایاں کردار ادا کیا ہے۔مقبوضہ علاقے کو خاص طور پر نوجوانوں میں تمباکو نوشی کی اونچی شرح سمیت صحت کے سنگین مسائل کا سامنا ہے جس کی وجہ ان کے مادر وطن پر بھارت کا مسلسل غیر قانونی قبضہ،بھارتی فوجیوں کی طرف سے محاصرے اور تلاشی کی مسلسل کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران بے گناہ لوگوں پر تشدد، گرفتاریاں اور ہراساں کیا جانا ہے جس کے باعث وہ نفسیاتی مسائل اور ذہنی تنائو کا شکارہیں۔