نئی دلی:(مانیٹرنگ ڈیسک )بھارت کی مختلف ریاستوں میں طوفانی بارشوں اور لینڈ سلائیڈنگ سے 37 افراد ہلاک اور متعددلاپتہ ہو گئے ہیں۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق سمندری طوفان ریمل بھارت سے ٹکرانے کے بعد مختلف ریاستوں میزو رام، آسام، میگھالیہ اورناگالینڈ میں طوفانی بارشیں ریکارڈ کی گئی ہیں جس کے دوران حادثات اور لینڈ سلائیڈنگ سے ہونے والی اموات کی تعداد 37ہوگئی جبکہ ریاست میگھالیہ میں 200سے زیادہ مکانوں کو نقصان پہنچاہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق طوفان سے ریاست میزورم شدید متاثر ہوئی جہاں اسکول اورسرکاری دفاتر بند کردیے گئے ہیں۔آسام اورتریپورہ میں بارش کے سبب بجلی اورانٹرنیٹ کی فراہمی معطل ہے جبکہ ریاست ارونا چل پردیش اور آسام میں مزید شدید بارش کی وارننگ جاری کی گئی ہے۔بھارتی میڈیا کامزیدکہنا ہے کہ گزشتہ روز آسام میں طوفانی بارشوں کے نتیجے میں ایک خاتون سمیت تین افراد ہلاک اور 17 زخمی ہوگئے تھے۔