لاہور(نمائندہ خصوصی ):وزیراعلی پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ قائد محمد نواز شریف کی قیادت میں مضبوط دفاع کیلئے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا،اب اقتصادی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنانا ہمارا مشن ہے۔یوم تکبیر کے تاریخ ساز دن پر اپنے خصوصی پیغام میں انہوں نے کہا کہ الحمد للہ یوم تکبیر کے موقع پر قوم کو مبارک باد اوردفاع وطن کا مشن سر انجام دینے والی ٹیم کے ہر فرد کو سلام پیش کرتی ہوں ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کو پہلی ایٹمی طاقت بنانے والے محمد نواز شریف کو بھی سلام پیش کرتی ہوں،نواز شریف بکا نہیں، جھکا نہیں،ایسے عظیم شخص کی بیٹی ہونے پر مجھے فخر ہے۔مریم نواز شریف نے کہا کہ یوم تکبیر پاکستانی قوم ہی نہیں عالم اسلام کیلئے فخر کا دن ہے،ایٹمی پروگرام پاکستان کے مضبوط دفاع کی علامت ہے،قوم آج بھی نوازشریف کے جرتمندانہ فیصلوں کی معترف ہے۔انہوں نے کہا کہ آج ہمیں اتحاد و یکجہتی،محنت و ہمت برداشت و رواداری کے عزم کا اعادہ کر نا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ مضبوط دفاع کیلئے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا،اب اقتصادی لحاظ سے ناقابل تسخیر بنانا ہمارا مشن ہے،محمد نواز شریف کی قیادت میں اب پاکستان کو اقوام عالم میں سر بلند کریں گے ۔