لاہور۔(نمائندہ خصوصی )پاکستان مسلم لیگ (ن)کی جنرل کونسل نے مرکزی صدر کو عہدوں پر تقرر کے اختیار کیلئے پارٹی آئین میں ترمیم کی منظوری سمیت دیگر قراردادوں کی بھی منظوری دیدی۔پاکستان مسلم لیگ (ن)کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے منگل کے روز جنرل ہائوس کے اجلاس میں قراردادیں پیش کیں۔قراردادوں کے متن میں کہا گیا کہ جنرل کونسل کا اجلاس محمد نواز شریف کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتا ہے،2017 میں ایک سازش کے تحت نواز شریف کو نا اہل قرار دیا گیا تھا اور پارٹی صدارت سے جبری علیحدہ کیا گیا تھا،سازشیں کرنے والے اور سزائیں دینے والے اپنے انجام کو پہنچ گئے جبکہ اللہ تعالی نے محمد نواز شریف کو سر خرو کیا۔متن میں مزید کہا گیا کہ جنرل کونسل اجلاس نواز شریف کا بھرپور ساتھ نبھانے کا عزم کرتا ہے اور ملک و ملت کے لئے خدمات پر انہیں زبردست خراج تحسین پیش کرتا ہے۔نواز شریف نے عوام اور ریاست پاکستان کے مفادات کی خاطر ناقابل تلافی ذاتی غم سہے،بے بنیاد مقدمات،پراپیگنڈے،یکطرفہ بد ترین انتقام کا ثابت قدمی سے مقابلہ کیا،پاکستان کی معاشی ترقی،عوا م کی خوشحالی،خطے اور دنیا میں پاکستان کے وقار اور مفادات کے تحفظ اور فروغ کے لئے درد مندی ،دیانتداری ،خلوص اور جذبہ حب الوطنی سے خدمات سر انجام دیں وہ ملکی تاریخ کا سنہری اور نا قابل فراموش باب ہے۔قراردادوں کے متن میں مزید کہا گیا کہ جنرل کونسل کا اجلاس وفاقی حکومت،وزیر اعظم محمد شہباز شریف،پنجاب حکومت اور وزیر اعلی مریم نواز شریف کی عوامی فلاح و بہبود کی کوششوں پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتا ہے ۔ محمد شہباز شریف نے بین الاقوامی سطح پر پاکستان کے مالی معاملات کی درستگی کے لئے اورسفارتی تنہائی کے خاتمے کے لئے جو اقدامات کئے ہیں ان کی مکمل تائید کرتا ہے۔وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے اٹھائے گئے عوامی ریلیف کے اقدامات کی کاوشوں کی بھرپور تائید کرتا ہے اور خراج تحسین پیش کرتا ہے۔قرارداد میں مزید کہا گیا کہ جنرل کونسل ضمنی انتخابات میں پارٹی کی بھرپور کامیابی پر مبارکباد پیش کرتا ہے۔جنرل کونسل کے اجلاس میں فلسطین پر صہیونی مظالم کی پر زور مذمت کی گئی اور کہا گیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی قیادت فلسطین کے معصوم بچوں اور عورتوں پر مظالم ختم کرانے اور جنگ بندی کے لئے مزید کاوشیں کرے۔قرارداد میں مزید کہا گیا کہ جنرل کونسل وفاقی حکومت کے مقبوضہ کشمیر کے حوالے سے اقدامات اور اس معاملے کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کرنے کی تائید کرتا ہے اور مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بہنوں اور بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار کرتا ہے۔قرارداد کے متن میں کہا گیا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف اور ڈپٹی وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحق ڈار کو او آئی سی کے سربراہان مملکت کے اجلاس میں انٹر نیٹ پر اسلامو فوبیا،توہین مذہب اور توہین رسالت کے مواد کو ہٹانے کی قرارداد منظور کرانے اور او آئی سی کے ایجنڈے پر ڈلوانے اور دین اسلام اور نبی کریمﷺ کے حوالے سے منفی مواد ہٹوانے کی تحریک چلانے پر انہیں اور دیگر ساتھیوں کو اس عظیم مقصد کے لئے خراج تحسین پیش کرتا ہے۔جنرل کونسل نے نو منتخب صدر کو پارٹی کے آئین کے آرٹیکل43 کے تحت اختیارات تفویض کرنے جس کے تحت پارٹی کے عہدیداران کا تقرر کرنے کے اختیارات حاصل ہوں گے کی بھی منظوری دی گئی۔قراردادوں پر جنرل ہائوس سے منظوری لی گئی جسے متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔