کراچی (نمائندہ خصوصی ) پاکستان شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیت اداکار و صدا کار طلعت حسین ( مرحوم ) کے سوئم و فاتحہ خوانی کا اہتمام ان کی رہائش پر کیا گیا ۔جس میں صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ ، صوبائی وزیر ثقافت سید ذولفقار علی شاہ، پیپلز پارٹی کے سیاسی رہنما سعید غنی ، اداکاریاسر نواز ، سلطانہ صدیقی ، منور سعید ، اقبال لطیف سمیت شوبز اندسٹری کے معروف ستا روں نے شرکت کی ۔ اس موقع پر طلعت حسین کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی و دعا کا اہتمام کیا گیا ۔صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ نے م گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طلعت بھائی کے انتقال کا سن کر سارا پاکستان دکھ میں ہے ۔ایک سوگ کا عالم ہے ،طلعت بھائی کے شایان شان جنازہ ہوا ہے ، آج بھی ہزاروں کی تعداد میں لوگ طلعت صاحب کے سوئم پر آرہے ہیں ،احمد شاہ نے اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہفتہ کو شام چھ بجے آرٹس کونسل آف پاکستان کراچی میں طلعت حسین کو ٹریبیوٹ پیش کریں گے، ان کے کام کی شوریل پیش کریں گے اور ان کا تعزیتی جلسہ بھی ہوگا ، انہوں نے مزید کہا کہ طلعت صاحب اور قوی خان جیسے لوگوں نے یہ منوایا کہ شریف آدمی ایک اداکار بھی ہو سکتا ہے۔صوبائی وزیر ثقافت سید ذولفقار علی شاہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ طلعت حسین کا جانا پاکستان کے لیے بڑا نقصان ہے۔مجھے اس بات کا بڑا دکھ ہے کہ ہم نے ایک عظیم فنکار کھو دیا۔صدر آرٹس کونسل محمد احمد شاہ طلعت حسین کی علالت کے حوالے سے کلچر ڈپارٹمنٹ کے ساتھ رابطے میں تھے۔طلعت حسین بہت بڑے اداکار تھے۔