کراچی(رپورٹ: راؤ محمد جمیل) بلدیاتی اداروں میں افسران کی بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ اور تبدیلی کی تیاریاں،میئر کراچی کے سب سے قابل اعتماد افسر افضل زیدی کی کرسی بھی ہلنے لگی،ڈی جی ایس بی سی اے،میونسپل کمشنر کے ایم سی،میونسپل کمشنر حیدر آباد سمیت دیگر افسران ریڈار پر آگئے،سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈی جی کی بھی تبدیلی متوقع،سابق ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے محمد علی شاہ کو اہم عہدے پر تعینات کئے جانے کا امکان۔انتہائی باوثو ق ذرائع کے مطابق سندھ حکومت نے کراچی،حیدر آباد اور دیگر اضلاع کے اہم بلدیاتی اداروں میں افسران کی بڑے پیمانے پر تبدیلی کی تیاریاں کرلی ہیں،ذرائع کا کہنا ہے کہ اس سلسلے میں سابق ڈائریکٹر جنرل کے ڈی اے اور گریڈ19 کے افسر محمد علی شاہ کو بلدیہ عظمی کراچی میں میونسپل کمشنر تعینات کئے جانے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے اور اس سلسلے میں ان کی جلد تعیناتی کا قوی امکان ہے تاہم ذرائع کے مطابق کے ایم سی اور ایس بی سی اے کے اسٹیک ہولڈرز کو محمد علی شاہ کی تعیناتی کیلئے اعتماد میں لیا جارہا ہے موجودہ صورتحال میں میئر کراچی مرتضی وہاب کے سب سے قابل اعتماد قرار دیئے جانے والے میونسپل کمشنر افضل زیدی کی کرسی خطرے میں پڑ گئی ہے ،ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ صوبائی وزیر بلدیات سعید غنی بھی اداروں کی کارکردگی کے حوالے سے افسران سے روز اجلاس کرنے میں مصروف ہیں اور بلدیہ عظمی کراچی،ایس بی سی اے ، ایل ڈی اے ،ایم ڈی اے ،میونسپل کمشنر حیدر آباد سمیت سندھ کے دیگر اضلاع میں تعینات افسران کی کارکردگی کا جائزہ لے رہے ہیں اور ناقص کارکردگی پر مذکورہ افسران کو عہدوں سے تبدیل کیا جائے گا۔