اسلام آباد(نمائندہ خصوصی)چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی، سروسز چیفس اور افواج پاکستان نے ’یوم تکبیر کی 26 ویں سالگرہ پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق یہ اہم دن 1998 میں پاکستان کے جوہری تجربات کی تاریخی کامیابی کی یاد دلاتا ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق اس دن کامیابی سے ڈیٹرنس قائم کی گئی اور خطے میں طاقت کا توازن بحال کیا گیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ مشکلات کے باوجود شاندار کارنامے میں اپنا حصہ ڈالنے والوں کو مسلح افواج خراج تحسین پیش کرتی ہے۔مسلح افواج اور قوم ان تمام لوگوں کی غیر متزلزل لگن اور قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق خواب کو تعبیر دینے کے لیے اپنی زندگیاں وقف کرنے والے سائنسدان اور انجینئرز تعریف کے مستحق ہیں۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے مزید کہا کہ تاریخی اور اہم دن پر مسلح افواج نے مادر وطن کے دفاع اور خودمختاری کے لیے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا ہے۔افواج پاکستان نے علاقائی سالمیت کے تحفظ، ملکی سلامتی کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔