اسلام آباد۔ (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ شہریوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے اسلام آباد سیف سٹ اتھارٹی اور غیر ملکی شہریوں کے لئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ(ایس پی یو) قائم کررہے ہیں، اسلام آباد پولیس کے رویوں میں مثبت تبدیلی چاہتے ہیں۔وہ چک بیلی کے قریب پولیس شہدا کے اہلخانہ کے لئے ’’مبین کاٹیج‘‘ کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے خطاب کررہے تھے۔ انسپکٹر جنرل پولیس اسلام آباد سید علی ناصر رضوی، چیئرمین سی ڈی اے محمد علی رندھاوا،ایم ڈی پولیس فائونڈیشن صابر احمد، ایس ایس پی ٹریفک محمد سرفراز ورک سمیت دیگر حکام اس موقع پر موجود تھے۔آئی جی اسلام آباد محمدسید علی ناصر رضوی نے خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے بتایا کہ اسلام آباد پولیس کے 64شہید پولیس افسران اور جوانوں کے اہلخانہ کو چلی بیلی کے اس مقام پر نہ صرف پلاٹ فراہم کررہے ہیں بلکہ انھیں گھر بھی تیار کرکے دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ان مائوں کو سلام پیش کرتے ہیں جنہوں نے ایسے بہادر بیٹوں کی پرورش کی جنہوں نے اسلحہ ، بارود اور دہشت گردوں کے سامنے سینہ تان کر گولیاں وفا کی مہر سمجھ کر سجائیں۔وزیر داخلہ نے اسلام آباد پولیس کے 64 شہید پولیس افسران اور جوانوں کے اہلخانہ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کی اولین ترجیح شہدا کے اہلخانہ کا خیال رکھنا ہے، اس کے لئے صرف تقریروں کی نہیں عملی اقدامات کی ضرورت ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ آئی جی اسلام آباد کو اسلام آباد آئے کچھ ہی عرصہ ہوا ہے لیکن اس مدت میں ان کی کارکردگی اچھی رہی، جس عزم اور ہمت کے ساتھ وہ کام کررہے ہیں آنے والے چند ماہ میں فرق صاف ظاہر ہوگا۔انہوں نے نیشنل پولیس فائونڈیشن کے ایم ڈی صابر احمد اور ہائوسنگ سکیم کے محمد عارف کی کاوشوں کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ بہت جلد شہدا کے اہلخانہ تعمیر شدہ گھروں کے اندر مقیم ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ ہم شہدا کے اہلخانہ سے معافی مانگتے ہیں کہ انھیں چھت فراہم کرنے کے لئے تاخیر ہوئی۔وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد میں شہریوں کے تحفظ کے لئے سیف سٹی اتھارٹی کا قیام عمل میں لارہے ہیں تاکہ کیمروں کی مدد سے اسلام آباد کے کونے کونے میں نقل و حرکت کی مانیٹرنگ ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد غیر ملکیوں کی موثر سکیورٹی کے لئے سپیشل پروٹیکشن یونٹ(ایس پی یو) قائم کررہے ہیں۔وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ سی ڈی اے کے ساتھ ملکر اسلام آباد کے تمام تھانوں کی’’ ری و یمپنگ‘‘ کررہے ہیں ،اب ہماری کوشش ہے کہ پولیس کے رویوں میں تبدیلی لائیں۔نوجوان پولیس افسران کو موقع اور پرانے پولیس افسران کو عزت دے رہے ہیں کہ وہ آگے آئیں اور خدمات سر انجام دیں،کچھ ہی عرصے میں عوام خود تبدیلی محسوس کریں گے۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد پولیس سے امید ہے کہ وہ جلد اپنے مثبت رویوں سے لوگوں کے لئے مثالی پولیس بن جائے گی۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ پولیس کو ہرممکن سہولت ہم خود فراہم کریں گے