پشاور۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر برائے سیفران و امورکشمیروگلگت بلتستان انجینئر امیرمقام نےکہاہے کہ خیبرپختونخوا حکومت کاپیش کردہ بجٹ صوبے کےعوام کے مینڈیٹ کی توہین ہے ، ابھی وفاقی حکومت نےبجٹ پیش کیا ہی نہیں ہےاور صوبائی حکومت خیبر پختونخوانے بجٹ پیش کردیا۔انہوں نے کہاکہ آپ کومعلوم ہی نہیں کہ وفاقی بجٹ میں آپ کے صوبے کا کتناحصہ ہے ۔ان خیالات کااظہار انہوں نے ہفتہ کو لاہور بار ایسوسی ایشن صوابی کی نومنتخب کابینہ کی حلف برداری کے موقع پر منعقدہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔امیر مقام نے کہاکہ صوبائی حکومت کی جانب سے وفاقی حکومت سے پہلےبجٹ پیش کرنے سے ملکی وبیرونی سطح پرہمارے صوبے کا امیج متاثر ہوا ہے۔انہوں نے کہاکہ صوبائی حکومت عوام کے مسائل کے حل پر توجہ دے ، گزشتہ دس سا لوں سے آ پ نے یہاں حکومت کی ،ان دس سالوں میں آپ نے باہر سے کونسی انویسٹمنٹ لائی ہے؟ سوشل میڈیا پر جھوٹا پروپیگنڈہ بند کریں اور عوام نے اپنے مسائل کے حل کے لئے آپ کو جو مینڈیٹ دیا ہے اس پر توجہ دیں ، آپ مریم نواز کی حکومت کے ساتھ اپنا موازنہ کریں ، وہاں اگر ترقیاتی کام ہورہے ہیں توصوبے کے وسائل کودیکھ کراس سے دگنےترقیاتی کام ادھر ہوسکتے ہیں ، مگر پی ٹی آئی حکومت کے سوشل میڈیا ورکرزترقیاتی کاموں کے حوالے سے جھوٹی خبر یں چلاکر لوگوں کوگمراہ کررہے ہیں ۔امیر مقام نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہبارشریف ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرکے حقیقی معنوں میں ملک کی خدمت کررہے ہیں ، چائنہ،سعودی عرب،متحدہ عرب امارات سمیت دیگر ممالک کےسرمایہ کار ملک میں بڑے پیمانے پرسرمایہ کاری کررہے ہیں جس سے یہاں بیروزگاری سمیت مہنگائی کاخاتمہ ہوگااور ملک کے غریب عوام کاجینا آسان ہوجائےگا۔امیرمقام نےکہا کہ 9مئی کے واقعات سے ملک کو زیادہ نقصان پہنچا ہے نہ کہ انفرادی طور پر کسی فرد کو۔انہوں نے کہاکہ صوابی میرا دوسرا گھرہے،ماضی میں یہاں کےعوام کی بہتری وآسانی کے لئے ترقیاتی کام کئے ہیں جن میں یہاں پر گیس کی فراہمی،پاسپورٹ آفس،تحصیل سطح پر نادرا دفاتر کاقیام اورمختلف علاقوں میں بجلی گرڈسٹیشن کی اپگریڈیشن جیسے منصوبے شامل ہیں ۔انہوں نے کہاکہ آنے والےوالے دور میں بھی مزید ترقیاتی منصوبے لائیں گے۔امیر مقام نے کہاکہ جون میں چھوٹا لاہورگریڈسٹیشن فعال ہوگا جس سے یہاں پر کم وولٹیج کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ انہوں نے لاہور بارایسوسی ایشن کےلئے20 لاکھ کی گرانٹ کااعلان کرتے ہوئے دیگر مسائل کی حل کی یقین دہانی کروائی۔قبل ازیں وفاقی وزیر انجینئر امیرمقام نے لاہور بارایسوسی ایشن صوابی کے نومنتخب صدرشاہدنعیم ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری ضیاءالحق سمیت دیگر کابینہ ممبران سے حلف لیا ۔اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن)کے ضلعی صدر شیرازباچہ کے علاوہ ضلعی عہداران افتحاراحمد ، عدیل خان اور دیگر بھی موجود تھے۔