اسلام آباد۔(نمائندہ خصوصی ):وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے وزیر اعظم کی ہدایت کے مطابق چینی و غیر ملکی شہریوں کی فول پروف سکیورٹی منصوبے کے تحت داسو ۔ چلاس میں سیف سٹی پراجیکٹ کا قیام عمل میں لایاجائےگا،اس حوالے سے کمیٹی قائم کی جارہی ہے جو 15 روز میں حتمی سفارشات پیش کرے گی۔یہاں جاری بیان کے مطابق وزیر داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت داسو ۔چلاس سیف سٹی پراجیکٹ کےسے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ وزیراعظم کی ہدایت ہے کہ داسو۔ چلاس میں سیف سٹی کا قیام عمل میں لایا جائے،داسو۔ چلاس میں سیف سٹی کا قیام اسلام آباد اور لاہور کی طرح جدید تقاضوں کے مطابق عمل میں لایا جائے گا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ سیف سٹی کا مقصد صرف کیمرے لگانا نہیں بلکہ ایسا نظام ہے جو جدید ٹیکنالوجی اور مصنوعی ذہانت کے ٹولز سے لیس ہو،سیف سٹی پراجیکٹ سے اس علاقے کی نگرانی اور سیکورٹی کو یقینی بنایا جا سکے گا۔وزیر داخلہ نے کہا کہ اسلام آباد پولیس اس سلسلے میں ہر قسم کی معاونت فراہم کرے گی، واپڈا، خیبر پختونخوا پولیس اور اسلام آباد پولیس ملکر اس سلسلہ میں جامع پلان تیار کریں ۔ وزیر داخلہ نے آئی جی اسلام آباد، آر پی او ہزارہ اور واپڈا کے نمائندہ پر مشتمل کمیٹی تشکیل دے دی۔کمیٹی 15 دن میں داسو۔ چلاس میں سیف سٹی کے قیام کے حوالے سے تفصیلی اور جامع پلان پیش کرے گی ۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پاکستان کی تعمیر و ترقی کیلئے کام کرنے والے چینی شہریوں کی حفاظت ہماری ذمہ داری ہے،اس ذمہ داری کی ادائیگی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی۔وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا، چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل (ر) سجاد غنی، چیف کمشنر اسلام آباد محمد علی رندھاوا اور آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے اجلاس میں شرکت کی۔ایڈیشنل چیف سیکرٹر ی ہوم، ایڈیشنل آئی جی خیبر پختونخوا اور آر پی او ہزارہ ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔