کراچی (بیورو رپورٹ)
تحریک استقلال کے مرکزی صدر رحمت خان وردگ نے ایم کیو ایم وفد کی فاروق ستار سے ملاقات کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ ذاکٹر فاروق ستار ایم کیو ایم کے ٹکٹ پر الیکشن میں حصہ لیں گے کیونکہ جب تک ایم کیو ایم سے علیحدگی اختیار کرنے والے تمام دھڑے ایک پلیٹ فارم پر دوبارہ جمع نہیں ہوجاتے اس وقت تک کراچی کا میئر ایم کیو ایم کا نہیں بن سکے گا اور مشرف دور کی طرح ایک بار پھر کراچی میں انقلابی ترقی کے دور کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ مصطفی کمال اور حقیقی گروپ سمیت تمام گروپوں کو کراچی کے مفاد میں یکجا ہونا ہوگا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم میں دھڑے بندی سے ووٹ تقسیم ہورہا ہے اور میئر کراچی کے لئے ایم کیو ایم کی موجودہ قیادت کو اسی طرح تمام گروپوں سے بات چیت کرکے پارٹی کو یکجا کرنا ہوگا جس سے کراچی کی عوام کے مسائل حل کرنے کے لئے ایم کیو ایم کو موٹر قوت حاصل ہوسکے گی۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی بھی کراچی کے مسائل حل کرنے کے لئے سنجیدہ کوششیں کرتی آرہی ہے اور جماعت اسلامی نے بھی بلدیاتی نظام کو خودمختیار بنانے میں تاریخی جدوجہد کی جو قابل تعریف ہے۔