کراچی ( نمائندہ خصوصی)
سندھ حکومت نے محکمہ بلدیات میں تبادلوں کے جھکڑ چلادیئے،بلدیہ عظمی کراچی میں ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل کے عہدے پر موجود شبیہ الحسن کا تبادلہ کرکے لوکل گورنمنٹ پروجیکٹ کا پی ڈی تعینات کردیا گیا جبکہ ایس سی ساﺅتھ کے عہدے پر موجوداظہر شاہ کو بلدیہ عظمی کراچی محکمہ انجینئرنگ میں ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل کا عہدہ دیدیا گیا ہے،پریم کمار کو پی ڈی لوکل گورنمنٹ پروجیکٹ کے عہدے سے ہٹاکر محکمہ لوکل گورنمنٹ بورڈ میں رپورٹ کرنے کا حکم دیدیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کی ہدایت پر محکمہ بلدیات سندھ میں انجینئرز کے بڑے پیمانے پر تبادلے کردیئے گئے ہیں،اس سلسلے میں چیف سیکریٹری سندھ کی جانب سے جاری کئے جانے والے نوٹیفکیشن کے مطابق گریڈ20 کے افسر پریم کمار جو کہ پروجیکٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کے عہدے پر تعینات تھے ان کی جگہ بلدیہ عظمی کراچی میں ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل کے عہدے پر موجود شبیہ الحسن کو پروجیکٹ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کے عہدے پر تعینات کیا گیا ہے،جبکہ پریم کمار کو محکمہ لوکل گورنمنٹ بورڈ میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے،دوسری طرف سپریٹنڈنٹ انجینئر ساﺅتھ کے عہدے پر تعینات محکمہ انجینئرنگ ایس سی یو جی گریڈ19 کے افسر اظہر شاہ کو شبیہ الحسن کی جگہ ڈائریکٹر جنرل ٹیکنیکل سروسز کا ایکٹنگ چارج دیا گیا ہے
ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ تبادلے وتقرریاں وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے حکم پر کی گئی ہیں ،ذرائع کا کہنا ہے کہ ترقیاتی کاموں میں ناقص میٹریل کے استعمال سمیت دیگر بدعنوانیوں کی شکایات پر وزیر اعلی سندھ کے حکم پر گذشتہ دنوں لوکل گورنمنٹ پروجیکٹ کے ایک میگا اور کروڑوں لاگت کے منصوبے پر اینٹی کرپشن نے تحقیقات کا بھی آغاز کیا تھا۔