کراچی ( نمائندہ خصوصی) صوبائی وزراء سید ناصر حسین شاہ، شرجیل انعام میمن اور سعید غنی نے مون سون بارشوں سے قبل شہر میں جاری نالوں کی صفائی کے جاری کاموں کا اچانک دورہ شروع کردیا۔صوبائی وزراء نے گارڈن ہیڈ کوارٹر کے قریب نالے،آئی آئی چندریگر روڈ، میکلوڈ روڈ، نیو چالی، کوئینز روڈ سمیت دیگر علاقوں میں کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کے نالوں پر جاری صفائی کے کاموں کا اچانک دورہ کیا اور موقع پر ہدایات جاری کی۔ صوبائی وزراء نے کہا کہ بارشوں سے قبل تمام اداروں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے اور تمام نشیبی علاقوں میں نکاسی آب کی مشینوں کو نصب کرنے کی ہدایات جاری کردی گئی ہے اور بارشوں کے فوری بعد نکاسی آب کے لئے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جارہا ہے
انہوں نے کہا کہ ہماری بھرپور کوشش ہے کہ مون سون کی بارشوں اور آنے والی عید الضحٰی کے موقع پر بہتر سے بہتر کام سرانجام پاسکیں۔ صوبائی وزیر اطلاعات سندھ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کراچی میں ایک سے دو روز میں مون سون بارشیں متوقع ہیں اور اسی کے مدنظر رکھتے ہوئے وزیر اعلٰی سندھ کی خصوصی ہدایات پر آج شہر کے کے ایم سی اور ڈی ایم سیز کے نالوں کی صفائی کا جائزہ لے رہے ہیں۔ہماری بھرپور کوشش ہوگی کہ شہریوں کو مون سون کی بارشوں کے دوران پریشانیوں کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ صوبائی وزیر بلدیات سید ناصر حسین شاہ نے کہا کہ شہر میں مون سون بارشوں کے آغاز سے قبل ہی وزیر اعلٰی سندھ کی ہدایات پر شہر بھر میں تمام چھوٹے بڑے نالوں کی صفائی کا آغاز کردیا گیا ہے۔
کچھ مقامات پر چوکنگ پوائنٹس کی نشاندہی ہوئی ہے، اس پر بھی فوری کام شروع کروایا گیا۔ وزیر محنت سعید غنی نے کہا کہ اس بار ہماری بھرپور کوشش ہے کہ جہاں جہاں بھی بارشوں کے باعث پانی اگر جمع ہوتا ہے تو فوری طور پر ان کی نکاسی کو یقینی بنایا جائے۔ صوبائی وزراء نے آئی آئی چندریگر روڈ پر سالہا سال سے بارشوں کے باعث پانی کے جمع ہونے کے مسئلہ کے مکمل حل کے لئے جاری کاموں کا بھی جائزہ لیا۔