خواتین جب کاروبار شروع کرتی ہیں تو انہیں اپنی سروسز آفر کرنے کے لیے مارکیٹ میں اترنا پڑتا ہے، خاص طور پر مارکیٹنگ، ہیومن رسورس، فوڈ اور چند ایسے کاروبار جن میں خواتین کی زیادہ تعداد اور قابلیت نمایاں نظر آتی ہے۔ جن اداروں میں ان سروسز کی نہایت اشد ضرورت ہوتی ہے انکے مالکان زیادہ تر مرد حضرات ہوتے ہیں۔ اس میں کوئی شک نہیں کے مرد حضرات اپنی روز مرہ زندگی میں خواتین سے زیادہ لوگوں سے ملتے ہیں جسکی بنیاد پر انکی کاروباری معاملات پر زیادہ نظر، ادارے کی ساکھ اور اچھی آمدنی کے لیے انہیں سوچ سمجھ کر فیصلے کرنے ہوتے ہیں۔ بہت سی خواتین دوست جب مجھے اپنا کمپنی پروفائل بھیجتی ہیں تو معذرت کے ساتھ وہ پروفائل اس معیار کا نہیں ہوتا کہ کوئی کمپنی انکو سروسز کنٹریکٹ دے سکے، اسکے علاوہ کاروباری ڈھانچے کے جو بنیادی اصول ہوتے ہیں، اسکے بغیر کاروبار شروع کرنا تھورے عرصے کے بعد مایوسی اور کاروبار بند کرنے کی نوبت آجاتی ہے۔ حالانکہ بہت سی کاروباری خواتین میں ہنر، جذبہ اور اچھی ڈیلنگ جیسی خوبیاں نظر آتی ہیں مگر نامکمل بزنس ماڈل کی وجہ سے اچھی آفرز بھی انکے ہاتھ سے نکل جاتی ہیں۔ اگر کسی بہن کو میری اس بات سے اختلاف ہے کے مرد خواتین سے زیادہ بہتر کاروبار کرتے ہیں تو انہیں مناظرے کی پیشکش ہے۔ پاکستان کی زیادہ تر خواتین اپنے شوہر کی کمائی سے زندگی کی تمام سہولیات حاصل کرتی ہیں۔ میرے ایک ناقص سروے سے نتیجہ اخذ ہوا کہ جو خواتین اپنا پروڈکٹ یا سروسز بزنس کر رہی ہیں، انکی سروسز فیس بک وال اور حقیقی طور پر مختلف ہیں اور جب ان سے ملاقات ہوتی ہے تو ایک جملہ (ہماری بزنس کمیونٹی کو کاروباری شعور نہیں ہے)۔ اسکے علاوہ سوشل میڈیا پر (چاند پر جانے کی ریس) نے ایسے ایسے قابل لوگوں کو ڈبل مائنڈ کیا ہوا ہے کہ وہ اپنے ہنر کو بھول کر (اینٹرپرنیور) بننے کے چکر میں کئی سال ضائع کر دیتے ہیں اور آخر پر مرغابی کے دو بڑے بڑے انڈے منہ کے آگے رکھ کر (پوڈ کاسٹ) میں دنیا کے بہترین میزبان بننے کی خواہش پوری کرتے ہیں۔ جیسے چار عورتوں کے درمیان ایک آدمی کہتا ہے کہ میری (مارکیٹنگ) کمپنی ہے تو عورتوں کی ہنسی نکل جاتی ہے اسی طرح جب کسی محفل میں کوئی خاتون کہتی ہے کہ میں (اینٹرپرنیور) ہوں تو مردوں کی ہنسی نکل جاتی ہے۔ افسوس کہ انگریزی ممالک میں جتنی مارکیٹنگ اور نئے اسٹارٹ اپ کی قدر ہے بدقسمتی سے ہمارے ہاں یہ دونوں شعبے مذاق کی نظر ہو گئے وجہ بغیر تیاری اور تجربے کے کاروباری میدان میں اتر آنا، اسی طرح جب ہم کمپنی مالکان سے بزنس میٹنگ کرنے جاتے ہیں اور انکی خواہشات کے مطابق اپنا مکمل کمپنی پروفائل پیش کرنے کی بجائے چار ہوائی فائر مار کر اسے اتنا ڈرا دیتے ہیں کہ وہ پھر کبھی آپکا فون ہی نہیں اٹھاتا۔ مکمل کاروباری ڈھانچہ اور اچھا پروفائل آپکے کاروبار کی کامیابی کی ضمانت ہے۔