اسلام آباد(نمائندہ خصوصی )
۔وزیراعظم محمد شہباز شریف نے آئرلینڈ کی حکومت کی طرف سے فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کے حالیہ فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا ہےکہ یہ فیصلہ معصوم فلسطینیوں کے لیے امید اور یکجہتی کاپیغام دے گا۔جمعہ کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری کردہ بیان کے مطابق وزیر اعظم محمد شہباز شریف اور جمہوریہ آئر لینڈ کے وزیراعظم سائمن ہیرس کے درمیان ٹیلیفونک رابطہ ہوا۔وزیر اعظم نے آئرلینڈ کے وزیراعظم کو عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور ان کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے امید ظاہر کی کہ وہ اپنے ملک اور عوام کی ترقی و خوشحالی میں اہم کردار ادا کریں گے۔وزیراعظم نے آئرلینڈ کی طرف سے فلسطین کی ریاست کو تسلیم کرنے کے حالیہ فیصلے پر آئرش حکومت کے فیصلے کو سراہا ۔ انہوں نے کہا کہ آئرلینڈ کا یہ فیصلہ ان معصوم فلسطینیوں کے لیے امید اور یکجہتی کا پیغام دے گا جو اسرائیل کے وحشیانہ مظالم کا شکار ہیں اور فلسطین کاز کو فروغ دینے میں بھی اہم کردار ادا کرے گا ۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ آئر لینڈ کا یہ فیصلہ دوسرے ممالک پر بھی ایسے فیصلے لینے کے لئے دباؤ کا باعث بنے گا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ اس بات کی وکالت کی ہے کہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق دو ریاستی حل ہی مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن لانے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے فلسطینی عوام کی منصفانہ جدوجہد کے لیے پاکستان کے مضبوط عزم کا اعادہ کیا اور آئی سی جے کے اسرائیل کو غزہ اور رفح پر حملے بند کرنے کا حکم دینے کے فیصلے کو سراہا۔ انہوں نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ کشمیر کے مظلوم عوام کو بھی عالمی برادری کی طرف سے اسی طرح کی توجہ ملے گی کیونکہ وہ بھی گزشتہ سات دہائیوں سے وحشیانہ قبضے اور بنیادی انسانی حقوق سے انکار کو برداشت کر رہے ہیں۔وزیر اعظم سائمن ہیرس نے کہا کہ آئرلینڈ نے دیگر یورپی اتحادیوں کی مشاورت سے اصولی فیصلہ کیا ہے کیونکہ غزہ میں اسرائیل کی فوجی کارروائی کو کسی بھی طرح معاف نہیں کیا جا سکتا۔ آئرلینڈ کی حکومت نے محسوس کیا کہ یہ فیصلہ حالات کو معمول پر لانے کو فروغ دینے کے لیے ضروری ہے۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور آئرلینڈ کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو مضبوط بنانے کی مشترکہ خواہش کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے پاکستان میں اپنا ریزیڈینٹ مشن کھولنے کے آئرلینڈ کے فیصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ نیا مشن ڈبلن میں پاکستان کے مشن کے ساتھ دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری اور عوام کے درمیان تبادلوں کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے وزیراعظم سائمن ہیرس کو پاکستان کا سرکاری دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔