اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) وزیر اطلاعات ونشریات مریم اور نگزیب نے کہا ہے کہ میڈیا کے اداروں اور صحافیوں کو فیک نیوز اور پراپگنڈہ نیوز کو روکنے کے لئے اپنا فعال کردارادا کرنا ہوگا،میڈیا کی آزادی اور احساس ذمہ داری میں توازن سے معاشرے میں بڑھتی تقسیم کو روکا جاسکتا ہے،اختلاف رائے اور نفرت کے درمیان فرق سمجھانے اور رائے عامہ ہموار کرنے کے لئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا، وزارت اطلاعات ونشریات تمام صحافیوں کے حقوق کا تحفظ کرےگی۔وفاقی وزیر اطلاعات مریم اورنگزیب سے پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (دستور)کے صدر نواز رضا کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی جس میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر اطلاعات ونشریات نے کہاکہ میری خصوصی ہدایت پر جرنلسٹس اینڈ میڈیا پروفیشنلز پروٹیکشن (ترمیمی)بل 2022ءوزارت اطلاعات کو موصول ہو گیا۔پی ایف یو جے کے وفد نے وفاقی وزیراطلاعات کو صحافیوں کو درپیش مشکلات اور پیشہ ورانہ مسائل سے آگاہ کیا۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ صحافیوں کے تحفظ کے (ترمیمی) بل 2022ءکو حتمی شکل دینے کے لئے خصوصی کمیٹی تشکیل دے دی ہے ۔ وزیر اطلاعات نے کہاکہ کمیٹی میں اطلاعات، قانون،انسانی حقوق کی وزارتوں اور میڈیا کے نمائندے شامل ہیں ۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ معاملے کو جلد نمٹانے کے لئے کمیٹی میں وفاقی سیکریٹری اطلاعات و نشریات محترمہ شاہیرہ شاہدبھی شامل ہیں ۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ صحافیوں اور صحافتی تنظیموں سے مزید مشاورت کرکے مسودہ قانون کو حتمی شکل دیں گے۔ وزیر اطلاعات ونشریات نے کہاکہ صحافیوں کا تحفظ اور پیشہ ورانہ سازگار ماحول فراہم کرنا اتحادی حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوںنے کہاکہ وزیراعظم شہبازشریف نے ذمہ داری سنبھالتے ہی میڈیا مخالف قوانین اور ضابطوں کو ختم کرنے کا عمل شروع کیا۔ انہوںنے کہاکہ صحافت زنجیروں میں لپٹی ہو تو جمہوریت بھی پابند سلاسل ہوتی ہے۔ انہوںنے کہاکہ میڈیا اور اظہار رائے کی آزادی کسی پر احسان نہیں بلکہ آئین کا بنیادی تقاضا اور حق ہے۔ وفاقی وزیراطلاعات نے کہاکہ آزادی صحافت کا احترام جمہوریت کی بنیاد ہے، میڈیا کی آزادی سے ہی سیاست بھی زندگی پاتی ہے۔ مریم اور نگزیب نے کہاکہ میڈیا کے اداروں اور صحافیوں کو فیک نیوز اور پراپگنڈہ نیوز کو روکنے کے لئے اپنا فعال کردارادا کرنا ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ میڈیا کی آزادی اور احساس ذمہ داری میں توازن سے معاشرے میں بڑھتی تقسیم کو روکا جاسکتا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ اختلاف رائے اور نفرت کے درمیان فرق سمجھانے اور رائے عامہ ہموار کرنے کے لئے ہم سب کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ صحافی تنظیموں کی سفارشات کی روشنی میں مل کر صحافیوں کے مسائل حل کریں گے۔ ملاقات میں پی ایف یو جے (دستور )کے مطالبے پر وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات مریم اور نگزیب نے یقین دلایا ہے کہ وزارت اطلاعات ونشریات تمام صحافیوں کے حقوق کا تحفظ کرےگی ، جو میڈیا ہاﺅسز تنخواہوں اور بقایا جات بروقت کی ادائیگی نہیں کریگا انہیں دیئے گئے سر کاری اشتہارات کی اس وقت تک ادائیگی ممکن نہیں ہوگی ، سر کاری خبر رساں ایجنسی اے پی پی کے کارکنوں کے مسائل کے حل سے متعلق وزیر اطلاعات نے کہاکہ اے پی پی کا ایک مسئلہ تو وزارت خزانہ سے مشاورت کے بعد حل کر دیا گیا ہے جبکہ ملازمین کو مستقل کر نے کا عمل ابھی ممکن نہیں ہے جب تک حکومت کی تما م کارپوزیشنوں میں عارضی طورپر بھرتی کئے گئے ملازمین کو مستقل کر نے کا کابینہ کی سطح تک کا فیصلہ نہیں ہو جاتا اس وقت اے پی پی کے عارضی ملازمین کو مستقل کر نا ممکن نہیں ۔وزیر اطلاعات ونشریات نے کہاکہ پی ایف یو جے (دستور )گروپ نے ہمیشہ صحافیوں کے مسائل کو اجاگر کیا ہے اور ان کے حق کےلئے جدوجہد کی ہے وفد میں پی ایف یو جے (دستور )کے صدر حاجی نواز رضا کے علاوہ سیکرٹری جنرل کے ایچ خانزادہ ، کراچی یونین آف جرنلسٹس کے صدر موسیٰ کلیم ، آر اے یو جے (دستور )کے صدر قیصر شاہ ،سیکرٹری جنرل اکرم عابد ، پی آر اے کے جوائنٹ سیکرٹری میاں منیر اور سینئر صحافی طارق سمیر سمیت دیگر عہدیدار موجود تھے جبکہ اے پی پی یونین کے سیکرٹری جنرل ملک رشید و دیگر عہدیدار موجود تھے ۔