نیویارک(مانیٹرنگ ڈیسک )۔امریکا نے13 ملین ڈالر سے زائد مالیت کے چوری شدہ 133 قدیم نوادرات پاکستان کو واپس کر دیئے۔ اس ضمن میں نیویارک میں مین ہٹن ڈسٹرکٹ اٹارنی کے دفتر میں گزشتہ روز تقریب منعقد کی گئی ،جس میں برآمد شدہ بعض نوادرات کی نمائش بھی کی گئی ۔ تقریب میں نیویارک میں پاکستانی قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے حکومت پاکستان کی جانب سے نوادرات وصول کیے، انہوں نے ڈسٹرکٹ اٹارنی دفتر ، اس کے نوادرات کے سمگلنگ یونٹ اور محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی کا پاکستان کے چوری شدہ ثقافتی خزانے کی برآمد کی کوششوں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔قونصل جنرل نے کہا کہ یہ نوادرات پاکستان بھر کے عجائب گھروں کی زینت بنیں گے۔ قونصل جنرل نے مین ہٹن میں اسسٹنٹ ڈسٹرکٹ اٹارنی، میتھیو بوگڈانوس کے ساتھ ایک معاہدے پر بھی دستخط کیے، جو نوادرات کی سمگلنگ یونٹ کے سربراہ ہیں تاکبرآمد کیے گئے نوادرات پاکستان کو واپس بھیج سکیں۔ بوگڈانوس نے کہا کہ وہ پاکستان کو عظیم پاکستانی ورثے کے نمونوں کو واپس کرنے پر بہت خوش ہیں جن کی تہذیب 5000 سال پرانی ہے۔