لاہور۔(نمائندہ خصوصی ):وزیر اعلی پنجاب مریم نوازشریف نے اچانک ہولی فیملی ہسپتال راولپنڈی کادورہ کیا اور مختلف وارڈز کا معائنہ کیا۔ وزیر اعلی مریم نوازشریف نے ہولی فیملی ہسپتال نیو بلاک کے دورے پر مزدورں کی کم اجرت کا نوٹس لیتے ہوئے مزدورں کو قانون کے مطابق اجرت کی پوری ادائیگی کی ہدایت کی۔ وزیر اعلی مریم نوازشریف نے پیڈز ایمرجنسی،مدر اینڈ چائلڈ بلاک اور دیگر وارڈ کا جائزہ لیا۔ وزیر اعلی نے مریضوں سے گفتگو اوران کی تیمارداری کی،بعض مریضوں نے وزیر اعلی پنجاب کو ہسپتال میں درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔ وزیر اعلی مریم نوازشریف نے جلد صحت یابی کی دعائیں بھی کیں۔انہوں نے مریضوں سے ادویات کی فراہمی اور دستیاب سہولتوں کے بارے میں بھی دریافت کیا۔ وزیر اعلی مریم نوازشریف ہولی فیملی ہسپتال کے دورے کے دوران زیر علاج مریضوں کے اہلخانہ کے پاس رک گئیں جو درخت کے نیچے بیٹھے شدید گرمی کی وجہ سے دستی پنکھوں سے ہوا لینے پر مجبور تھے۔ مریم نوازشریف نے بزرگ شہری اور اہلخانہ سے بات چیت کی اور مریض کے بارے میں دریافت کیا۔ وزیر اعلی نے مریضوں کے لواحقین کیلئے شیڈ اور پنکھوں کا انتظام کرنے کی ہدایت بھی کی۔وزیر اعلی مریم نوازشریف نے ایمرجنسی میں زیر علاج مریض بچوں کی عیادت کی اور ایک بچی کے پاس رک گئیں اورخوشگوار موڈ میں باتیں کیں، ننھی بچی نے وزیر اعلی مریم نوازشریف کے ساتھ ہائی فائی کیا۔ وزیر اعلی مریم نوازشریف نے تین سالہ حسنین کے دل میں پیدائشی سوراخ کے علاج کیلئے فوری اقدامات کی ہدایت کی۔ وزیر اعلی مریم نوازشریف کی ہدایت پر آر آئی سی سے ڈاکٹروں کی ٹیم فوری طور پر ہولی فیملی ہسپتال پہنچ گئی۔ وزیر اعلی مریم نوازشریف کوہولی فیملی ہسپتال کے ری ویمپنگ پراجیکٹ کے بارے میں بتایا گیا۔وزیر اعلی نے تعمیر و مرمت شدہ بلاک کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہولی فیملی ہسپتال کے زیر تعمیر نیوبلاک کا بھی جائزہ لیا اور سی اینڈ ڈبلیو کو 30جون تک نیو بلاک کی تعمیر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، چیف سیکرٹری زاہد اختر زمان بھی اس موقع پر ان کے ہمراہ تھے۔