تہران۔(نمائندہ خصوصی ):وزیر اعظم محمد شہباز شریف ایران کے مشرقی آذربائیجان صوبے میں 19 مئی کو المناک ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے صدر ڈاکٹر سید ابراہیم رئیسی، وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان اور ان کے ساتھیوں کی نماز جنازہ میں شرکت کے لئے اسلامی جمہوریہ ایران پہنچے ۔نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار بھی ان کے ہمراہ ہیں۔ بدھ کو دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق اسلامی جمہوریہ ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای سے ملاقات میں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان کے عوام اور حکومت کی جانب سے تعزیت پیش کی۔مرحوم صدر رئیسی کے اپریل 2024 میں حالیہ دورہ پاکستان کو یاد کرتے ہوئے وزیر اعظم نے پاکستان ایران دوطرفہ تعلقات کو آگے بڑھانے میں ان کے قابل تعریف کردار کو اجاگر کیا۔ وزیراعظم نے صدر رئیسی کو ایک وژنری رہنما قرار دیا جنہوں نے اپنے ملک اور اپنے لوگوں کی خدمت کے لئے ثابت قدمی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ امت مسلمہ کے اتحاد اور غزہ کے محصور عوام کے لئے صدر رئیسی کی خدمات تاریخ میں لکھی جائیں گی۔ انہوں نے علاقائی امن اور مذاکرات کے فروغ میں مرحوم وزیر خارجہ حسین امیر عبداللہیان کے کردار کو بھی سراہا۔وزیراعظم نے قومی سانحہ کی اس گھڑی میں اسلامی جمہوریہ ایران کے عوام کے ساتھ غیر متزلزل یکجہتی کا اظہار کیا۔ انہوں نے اسلامی جمہوریہ ایران کی حکومت اور عوام کے ساتھ دوستی اور بھائی چارے کے رشتوں کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔