کراچی (نمائندہ خصوصی )گلوبل عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ملیر ماڈل کالونی میں”ڈاکٹر عافیہ صدیقی پارک“ کا افتتاح کیا۔ اس موقع پر ماڈل ٹاﺅن کے چیئرمین ظفر احمد خان،یوسی 1 کے چیئرمین توفیق احمد صدیقی، یوسی 5 کے چیئرمین محمد طلحہٰ خان، جماعت اسلامی کے مقامی رہنما عارف احمد روحیلہ و دیگر موجود تھے۔ ڈاکٹر فوزیہ صدیقی کی ماڈل کالونی آمد پران سے اظہار یکجہتی کرنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ جمع ہوگئے جن میں بڑی تعداد خواتین کی تھی۔لوگوں نے ڈاکٹر عافیہ کی رہا ئی میں تاخیر پر افسوس اور غم و غصہ کا اظہار کیا ۔ انہوں نے ڈاکٹر عافیہ کے حق میں نعرے لگائے اورحکومت سے ڈاکٹر عافیہ کو جلد وطن واپس لانے کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا کہ پارک کو قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کے نام پرمنسوب کرنا ظاہر کرتا ہے کہ پاکستان کے عوام قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ سے والہانہ محبت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا میں چند دنوں میں عافیہ سے ملنے امریکہ جانے والی ہوں۔ وہاں جا کر عافیہ کو بتاﺅں گی کہ دیکھو پاکستان کے لوگ تم سے کتنا پیارکرتے ہیں اور اگر جیل حکام نے اجازت دی تو پارک کی تصاویر بھی عافیہ کو دکھاﺅں گی۔ انہوں نے کہا کہ جو جذبہ عوام میں پایا جاتا ہے اگر وہ جذبہ قومی لیڈرشپ میں پیدا ہوجائے تو قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی رہائی چند دنوں میں ممکن ہو سکتی ہے اور ملک کے تمام مسائل بھی حل ہو سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں خواتین پارک کا نام ڈاکٹر عافیہ صدیقی رکھنے پر علاقہ مکینوں، ماڈل ٹاﺅن کے چیئرمین ظفر احمد خان، یوسی 5 کے چیئرمین محمد طلحہٰ خان اور جماعت اسلامی کے مقامی رہنماﺅں کی شکر گزار ہوں۔