پشاور( نمائندہ خصوصی )فرنٹیئر کور خیبرپختونخواہ نارتھ کی جانب سے پشاور کے علاقہ حیات آباد کے سنگم پر فرنٹیئر کور ٹیچنگ ہسپتال تعمیر کر کے فعال کر دیا گیا۔
500 بستروں پر مشتمل !اسپتال میں تمام بیماریوں کے علاج کے لئے سہولیات موجود ہیں اور 24 گھنٹے ڈاکٹرز اور نرسنگ اسٹاف مریضوں کے علاج کے لئے دستیاب ہیں۔ فرنٹیئر کور ٹیچنگ اسپتال خیبرپختونخواہ میں ہاسپٹل مینجمنٹ اینڈ انفارمیشن سسٹم، ایمرجنسی، 20 کلینکس پر مشتمل او پی ڈی، آنکھ، ناک، کان اور گلے کا علاج، دل کے امراض کے لئے خصوصی وارڈز، بحالی اور فزیو ڈیپارٹمنٹ، اور دانتوں کے علاج کی سہولت ہے –
اس کے علاوہ ایمرجنسی کلینکس، پانچ بڑے اور چھوٹے آپریشن تھیٹر، ایکسرے، الٹراساونڈ، سی ٹی سکین، پیتھالوجی ڈیپارٹمنٹ، بلڈ بینک، 14 کاونٹرز پر مشتمل فارمیسی، 5 کمروں پر مشتمل گائنی کمپلیکس، گائنی آپریشن تھیٹر، شیرخوار بچوں کی دیکھ بال، مردوں اور خواتین کے لئے الگ دس سپیشل وارڈز، آئ سی یو، ای سی جی اور مریضوں کے لئے وارڈز کے ساتھ ساتھ 28 سپیشل کمرے بھی بنائے گئے ہیں۔ اسپتال میں خواتین مریضوں کے علاج کے لئے فرنٹیئر کور نارتھ کی خواتین ڈاکٹرز اور نرسنگ سٹاف 24 گھنٹے دستیاب ہیں۔ اسپتال میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی کے لئے جنریٹرز بھی نصب کئے گئے ہیں۔فرنٹیئر کور ٹیچنگ اسپتال فرنٹیئر کور خیبرپختونخواہ نارتھ کی جانب سے عوام کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے اہم سنگ میل ہے۔