لندن ۔(نمائندہ خصوصی ):کشمیریوں کی جانب سے لندن میں حکومت پاکستان کے حق میں اظہار تشکر کیلئے مظاہرہ کیا ،مظاہرہ لندن میں پاکستان ہائی کمیشن کے سامنے برطانیہ میں مقیم کشمیریوں نے اظہار تشکر کے لیے کیا۔اتوار کو یہاں موصولہ پریس ریلیز کے مطابق مظاہرے کے دوران شرکاء نے کہا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے آزادکشمیر کے عوام کے لیے 23 ارب روپے کے امدادی پیکج کے لیے شکر گزار ہیں۔حکومت پاکستان کے مہنگائی کے خلاف اقدامات کو سراہتے ہیں۔بجلی اور آٹے کی قیمتوں میں نمایاں کمی سے عوام کو ریلیف ملا ہے۔شرکاء نے کہا کہ ملک دشمن عناصر نے کشمیری اور پاکستانی عوام میں تفریق ڈالنے کا مذموم منصوبہ بنا رکھا تھا۔حکومت پاکستان کے بروقت اقدامات سے ملک دشمن عناصر کا منصوبہ ناکام ہوا۔انہوں نے کہا کہ ہم یہاں حکومت پاکستان کا شکریہ ادا کرنے اکٹھے ہوئے ہیں،پاکستان نے ہمیشہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لیے اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھی ہے۔ شرکاء نے کہاکہ مظاہرے سے ملک دشمن عناصر کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ کشمیری اور پاکستانی خون کے رشتے میں بندھے ہیں جنہیں کوئی بھی الگ نہیں کر سکتا۔