کراچی ( نمائندہ خصوصی)وفاقی اردو یونیورسٹی ، عبدالحق کیمپس، کے شعبہ معاشیات کے تحت جامعہ کے فارغ التحصیل گریجوئیٹ طلبہ کے بیرون ملک ماسٹرز اور پی ایچ ڈی میں داخلوں اور اسکالرشپس کی رہنمائی کے لئے سیمینار کا اہتمام کیا گیا۔شعبہ کے چئرمین حنیف کاندھرو نے پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ اعلی تعلیم کے لئے بیرون ملک جانا چاہتے ہیں لیکن انہیں اس کا روڈ میپ معلوم نہیں ہوتا ہے اس مقصد کے لئے ٹائم کنسلٹنٹ کے تعاون سے سیمینار منعقد کیا گیا ہے۔ مذکورہ کنسلٹنٹ کےاسسٹنٹ ریجنل ڈائریکٹر طلحہ انور نے طلبہ کوبیرون ملک ایم ایس اور پی ایچ ڈی میں داخلے کے طریقہ کار کے بارے میں معلومات فراہم کی نیز ہر ملک کی داخلہ فیس ، دستیاب اسکالرشپس اور داخلوں کے آغاز کی تاریخ کے بارے میں آگاہی دی۔ پروگرام میں شعبہ معاشیا ت کے علاوہ دیگر شعبہ جات کے طلباء و طالبات نے بھی بھرپور شرکت کی اور اپنی دلچسپی کا اظہار کیا۔ طلبہ نے مقررین سے سوالات کرکے گراں قدر معلومات حاصل کی ۔ پروگرام کے اختتام پر صدر شعبہ حنیف کاندھرو نے شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔