کوئٹہ(نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے کہا ہے کہ بلوچستان کی خواتین کو سماجی تحفظ دینے کےساتھ انھیں معاشی طور پر مضبوط کرینگے تاکہ وہ پاکستان کی ترقی میں اپنا کردار ادا کرسکیں، اگلے مہینے سے بلوچستان کے ہر ضلع میں بےنظیر انکم سپورٹ کے نشوونما پروگرام کے سنٹرز کھول دیئے جائینگے،بلوچستان کے مختلف علاقوں میں 25 موبائل گاڑیاں دی جائیگی، بی آئی ایس پی کے بے نظیر تعلیم پروگرام سے ڈھائی کروڑ بچے استفادہ کررہے ہیں، وزارت تخفیف غربت وسماجی تحفظ کے منصوبوں میں بلوچستان کو ترجیح اول میں رکھا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعہ کو کوئٹہ کے مقامی ہوٹل میں پاکستان پاورٹی ایلویشن فنڈ کے اشتراک سے بلوچستان کے مختلف علاقوں کی خواتین میں بلاسود قرضہ جات کے چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر پی پی اے ایف کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر نادر گل بڑیچ ،رکن قومی اسمبلی روبینہ عرفان، سابق اراکین اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی، غزالہ گولہ، روشن خورشید بروچہ اور دیگر بھی موجود تھے۔
وفاقی وزیر برائے تخفیف غربت و سماجی تحفظ شازیہ مری نے کہا ہے کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ایشیا کے سماجی تحفظ کا سب سے بڑاپروگرام ہے جس سے 80 ہزار خاندان فائدہ اٹھا رہے ہیں کوشش ہے کہ بلوچستان کو سماجی طور مضبوط بنائے تاکہ ان کی احساس محرومی ختم ہوجائیں۔