راولپنڈی ۔:سکیورٹی فورسز کے بلوچستان کے علاقے ژوب میں آپریشن کے دوران 3 دہشت گرد جہنم واصل جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں پاک فوج کا میجر شہید ہوگیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق 14 مئی 2024 کو، سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان کے ضلع ژوب کے علاقے سمبازہ میں انٹیلی جنس پر مبنی آپریشن کیا۔آپریشن کے دوران سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے ٹھکانے کو موثر انداز میں نشانہ بنایا۔ جس کے نتیجے میں تین دہشت گردجہنم واصل ہوگئے۔ہلاک دہشت گردوں سے اسلحہ، گولہ بارود اور دھماکہ خیز مواد بھی برآمد ہوا ہے۔فائرنگ کے شدید تبادلے کے دوران، اپنے دستوں کی قیادت کرتے ہوئے، میجر بابر خان (عمر: 33 سال، ساکن ضلع میانوالی) شہید ہوگئے۔علاقے میں موجود دوسرے دہشت گردوں کو ختم کرنے کے لیے سینی ٹائزیشن آپریشن کیا جا رہا ہے۔آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں اور ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔