کراچی(نمائندہ خصوصی) گلوبل عافیہ موومنٹ کی چیئرپرسن ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے کہا ہے کہ قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ آج بھی امریکی ریاست ٹیکساس میں واقع ایف ایم سی کارسویل جیل میں بند ہیں اور وہ پہلے سے زیادہ ظلم و ستم سہہ رہی ہیں۔ ان کی صحت پہلے سے زیادہ خراب ہے۔انہوں نے کہا کہ عافیہ کی رہائی کی خبر جنگل کی آگ کی طرح پھیلی ہے اس سے پتہ چلتا ہے کہ پاکستان میں ہی نہیں بیرون ممالک میں بھی لوگ عافیہ کی رہائی کی خبر سننے کی شدید خواہش رکھتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اب تک رات دن ہزاروں کی تعداد میں لوگ تصدیق کے لیے رابطہ کررہے ہیں جبکہ حقیقت یہ ہے کہ ڈاکٹر عافیہ کیس کے امریکی وکیل کلائیو اسٹفورڈ اسمتھ کی اسسٹنٹ اٹارنی تانیہ نے قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ سے گزشتہ روز ایف ایم سی کارسویل جیل میں ملاقات کی ہے۔ اٹارنی تانیہ کی ڈاکٹر عافیہ سے ملاقات کے بعد عافیہ موومنٹ میڈیا سیل کو موصول ہونے والی تفصیلات کے مطابق ڈاکٹر عافیہ اس وقت امریکہ میں ہی ہیں اور وہ ایف ایم سی کارسویل جیل میں86 سالہ قید ناحق کے دن کاٹ رہی ہیں۔ ڈاکٹر عافیہ کی فیملی کی طرف سے ان کو جو پیسے بھیجے جارہے ہیں تاکہ وہ کھانے پینے اور بنیادی ضروریات کی کچھ چیزیں جیل میں خرید سکیں وہ بھی انہیں جیل میں نہیں مل رہے ہیں۔عوام جھوٹی افواہوں پریقین نہ کریں اور نہ ہی ایسی من گھڑت خبروں کو وائرل کریں۔ جھوٹی افواہوں سے اہلخانہ کو سخت اذیت پہنچتی ہے اور اس کا مقصد ڈاکٹر عافیہ رہائی کی کوششوں کو سبوتاژ کرنا ہوتا ہے اس لیے عوام ایسی کسی سازش کا حصہ نہ بنیں۔