بیجنگ : (نمائندہ خصوصی )۔:پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے اور قومی ترقی کے ایجنڈے کے لیے ان کے نظریات اور صلاحیت کو بروئے کار لایا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین میں پاکستانی پیشہ ور افراد اور طلباء کے ایک انٹر ایکٹو سیشن میں کیا۔ بیجنگ میں پاکستانی سفارتخانے کے زیر اہتمام اس تقریب میں چین میں مقیم پاکستانی پیشہ ور افراد اور طلباء کے ایک متنوع گروپ کو اکٹھا کیا گیا۔دفتر خارجہ کے مطابق نائب وزیراعظم نے پاکستان کے ساتھ غیر متزلزل وفاداری اور وابستگی، اس کی غیر معمولی قابلیت، ہنر اور پاکستان اور چین دونوں کی سماجی اقتصادی ترقی میں انمول شراکت پر پاکستانی تارکین وطن کی تعریف کی۔ انہوں نے حکومت پاکستان کے جامع اصلاحاتی ایجنڈے کا خاکہ پیش کیا اور کہا کہ خاکے کا مقصدمحصولات میں اضافہ، کفایت شعاری کو فروغ دینے اور غیر ملکی سرمایہ کاری کو بروئے کار لا کر اقتصادی ترقی اور ترقی کو فروغ دینا ہے۔ انہوں نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے اور قومی ترقی کے ایجنڈے کے لیے ان کے نظریات اور صلاحیت کو بروئے کار لانے کے لیے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔اس موقع پر سینیٹر اسحاق ڈار نے سامعین کے سوالات کے جوابات بھی دیئے۔ انہوں نے قومی اہمیت کے متعدد مسائل خصوصاً پاکستان کی سماجی اقتصادی ترقی، پاک چین تعلقات کو مضبوط بنانے اور سمندر پار پاکستانیوں کے اہم کردار کے حوالے سے تجاویز کا نوٹس لیا اور سامعین کی قیمتی بصیرت کو سراہتے ہوئے انہوں نے پاکستانی پروفیشنلز اور طلباء کی حوصلہ افزائی کی ۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ چین میں اپنے اپنے اداروں اور کمیونٹیز میں خود کو پاکستان کا نمائندہ سمجھیں اور دونوں ممالک کے درمیان دوستی اور تعاون کے پل کا کام کریں۔