کراچی(نمائندہ خصوصی)آئی جی سندھ غلام نبی میمن نے کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ ( CTD) کا تفصیلی دورہ کیا اور سی ٹی ڈی کے تحت جرائم کے خلاف سرگرم مختلف شعبہ جات میں جاری امور کا معائنہ کیا اور مزید ضروری ہدایات دیں۔قبل ازیں ڈئ آئی جی سی ٹی ڈی،ایس ایس پیز نے انکا اسقبال کیا۔اس موقع پر ڈی آئی جی سی ٹی ڈی کی جانب سے آئی جی سندھ کو سی ٹی ڈی کی گزشتہ 4 ماہ پر مشتمل کارکردگی اور دیگر امور پرتفصیلی بریفنگ دی گئی۔انہوں نے بتایا کہ رواں سال جنوری 2024 سے لے کر ماہ اپریل تک 763 انٹیلی جینس بیسڈ آپریشنز کے تحت 87 مقدمات درج کیئے گئے جبکہ اس دوارنیئے میں 10 ہائی پروفائل دہشت گردوں کو گرفتار کرتے ہوئے 11 دہشت گردوں کو ٹھوس تفتیش پر مشتمل چالان کے تحت متعلقہ عدالتوں سے سزائیں بھی سنوائی گئیں۔آئی جی سندھ نے کہا کہ جرائم کے خلاف کامیاب اور فیصلہ کن نتائج،آپ لوگوں کی محنت اور کاوشوں کا بین ثبوت ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سی ٹی ڈی اچھا کام کررہی ہے تاہم ضرورت اس امر کی ہے کہ ان امور و اقدامات میں فی زمانہ تقاضوں کو سامنے رکھتے ہوئے مزید بہتری لائی جائے۔انکا کہنا تھا کہ غیر قانونی اسلحہ اور اسکی خرید و فروخت کا انسداد ہی جرائم کے خاتمہ کا کلیہ ہے لہذٰا اس حوالے سے صوبائی سطح پر انتہائی سخت اقدامات کی ضرورت ہے۔جس کے تحت غیر قانونی اسلحہ کی روک تھام میں اختیار کردہ حکمت عملی اور لائحہ عمل کو مزید سخت اور مؤثر بنایا جائے۔آئی جی سندھ نے مزید کہا مقدمات میں سزاؤں کا انحصار مقدمات کی مؤثر تفتیش اور ٹھوس چالان پر ہے۔دہشت گردی کے مقدمات میں سزاؤں کے لئے مزید اچھے اور ماہر پراسیکیوٹرز کی ضرورت ہے۔