اسلام آباد۔: (نمائندہ خصوصی )وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کو گزشتہ روز چیئرمین متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے۔پیر کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم نے کہا کہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے بطور کنوینر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان، پارٹی میں ایک نئی روح پھونکی اور پارٹی نے قومی مفادات کی خاطر مشکل فیصلوں میں حکومت کا بھرپور ساتھ دیا۔وزیراعظم نے اس امید کا اظہار کیا کہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی قیادت میں متحدہ قومی موومنٹ عوام کی حقیقی نمائندگی کرتے ہوئے ان کے مسائل کے حل کے لئے مزید متحرک ہو گی۔