لاہور۔(اسپورٹس ڈیسک ):قومی ہاکی ٹیم اذلان شاہ ٹورنامنٹ میں سلور میڈل جیتنے کے بعد اتوار کے روز ملائیشیا سے وطن واپس پہنچ گئی، علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئر پورٹ پہنچنے پر وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان،پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر طارق بگٹی، سیکرٹری رانا مجاہد،قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان چوہدری اختر رسول، محمد ثقلین،رانا مجاہد اور انجم سعید سمیت دیگر سابق کھلاڑیوں اور ہاکی شائقین نے ٹیم کا شاندار استقبال کیا۔قومی ہاکی ٹیم کی آمد پر ایئرپورٹ پر شائقین کی جانب سے قومی ہاکی ٹیم کے حق میں نعرے بازی کی گئی۔اس موقع پر وزیر اعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی ہاکی ٹیم کی کامیابی پر پاکستان کا بچہ بچہ ہاکی کے ساتھ دوبارہ جڑ گیا ہے، 13 سال بعد اذلان شاہ کا کپ کھیلنا اور ناقابل شکست رہنا میں یہ سمجھتا ہوں کہ پاکستان دوبارہ اپنی اصل پوزیشن پر واپس آیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہاکی ٹیم نے پاکستان کا نام فخر سے بلند کردیا ہے ، ہاکی کے ٹورنامنٹس میں شرکت کے لئے حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ہاکی کا مستقبل دوبارہ سے روشن ہو رہا ہے،ان کھلاڑیوں کی قومی کیمپ میں میرٹ پر سلیکشن ہوئی، وزیر اعظم شہباز شریف نے کھلاڑیوں کو پرائم منسٹر ہائوس دعوت د ی ہے جہاں ان کی کارکردگی کو سراہیں گے اور ان کے لئے انعامات کا اعلان بھی کریں گے ۔رانا مشہود نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ کا بھی شکریہ ادا کروں گا کہ جس طرح میچ پی ٹی وی پر لائیو دکھائے گے جس کی وجہ سے قوم کی دلچسپی زیادہ بڑھی، یہ قوم کے ہیروز ہیں۔ قومی ہاکی ٹیم کے کپتان عماد شکیل بٹ نے کہا کہ ٹیم نے بڑا اچھا پرفارم کیا ہے، شوٹ پہ ہارنا یہ کوئی ہار نہیں ہوتی ہے،لڑکوں نے بہت زور لگایا،ہم نے اپنی پوری کوشش کی، مجھے امید ہے کہ آنے والے وقت میں جو پاکستان کا کھویا ہوا نام ہے دوبارہ حاصل کریں گے، تمام کھلاڑیوں نے محنت کی ہے اور اس میں بہتری آئی ہے،تمام لوگوں نے ایک ٹیم بن کر کام کیا ہے ۔سابق صدر پی ایچ ایف اختر رسول چوہدری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اذلان شاہ کپ میں قومی ہاکی ٹیم کی کارکردگی خوش آئند ہے اور اب وقت ہے کہ حکومت ہاکی کا ساتھ دے ۔رانا مشہود نے کھلاڑیوں کو وزیر اعظم کا پیغام دیا ہے اس کا مطلب ہے کہ وہ ٹیم سے مل رہے ہیں ۔دوسری جانب سابق سیکرٹری اولمپئین آصف باجوہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ قومی ہاکی ٹیم پر توجہ دینے پر وزیر اعظم پاکستان کے شکر گذار ہیں۔وزیر اعظم نے رانا مشہود کی ڈیوٹی لگائی اور تمام کھلاڑیوں نے بہترین کارکردگی دکھائی ، میں صدر طارق بگٹی، سیکرٹری رانا مجاہد اور تمام کھلاڑیوں کو مبارک باد دیتا ہوں۔واضح رہے کہ 2010 کے بعد پہلی مرتبہ لاہور ائیر پورٹ پر قومی ہاکی ٹیم کا استقبال کیا گیا ہے اور قومی ہاکی ٹیم نے اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں سلور میڈل حاصل کیا ہے۔