لاہور( نمائندہ خصوصی )پنجاب کے شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے اور وزیر خوراک بلال یاسین نے کامیاب مذاکرات کے بعد نان روٹی ایسوسی ایشن کو حکومتی نوٹیفیکیشن کے مطابق روٹی اور نان کی فروخت پر رضامند کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر خوراک بلال یاسین سے صدر متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن آفتاب گل نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ اس موقع پر سیکرٹری خوراک معظم اقبال سپرا، ڈائریکٹر فوڈ پنجاب شعیب خان جدون اور متحدہ نان روٹی ایسوسی ایشن کے عہدیداران بھی موجود تھے۔ وزیر خوراک سے کامیاب مذاکرات کے بعد نان روٹی ایسوسی ایشن نے 15 روپے کی روٹی فروخت کرنے کی یقین دہانی کروا دی۔ وزیر خوراک بلال یاسین نے کہا کہ آٹے کی قیمت میں کمی کے ثمرات عوام تک پہنچانے کے مشن میں کامیابی ہوئی اور عوام کو ریلیف دینے کیلئے آٹے کی قیمت میں نمایاں کمی کی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نان روٹی ایسوسی ایشن پنجاب بھر کے تندوروں پر حکومتی نوٹیفیکیشن کے مطابق نان اور روٹی کی فروخت یقینی بنائیں۔ وزیر خوراک نے کہا کہ اس سے قبل ملکی تاریخ میں کبھی آٹے کی قیمت میں اتنی نمایاں کمی نہیں ہوئی۔ گزشتہ ایک ماہ میں 20 کلو آٹے کا تھیلا 1000 سے 1200 روپے جبکہ 10 کلو آٹے کا تھیلا 500 سے 600 روپے سستا ہوا۔ بلال یاسین نے کہا کہ عوام کو سستی اور معیاری روٹی کی فراہمی حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔ صدر نان روٹی ایسوسی ایشن آفتاب گل نے وزیر خوراک کی موجودگی میں ویڈیو پیغام بھی ریکارڈ کروایا۔ انکا کہنا تھا کہ حکومت نے آٹے کی قیمت میں بہت زیادہ ریلیف دیا جس کی دل سے قدر کرتے ہیں۔ صدر نان روٹی ایسوسی ایشن نے کہا کہ عوام کو ریلیف دینے میں حکومت کے شانہ بشانہ ہیں اور پنجاب بھر میں روٹی 15 روپے کی فروخت کریں گے۔ انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ تمام تندوروں پر حکومتی نوٹیفیکیشن کے مطابق 15 روپے کی روٹی فروخت کریں گے۔