فیصل آباد: (نمائندہ خصوصی )وفاقی وزیر صنعت،پیداوارو فوڈ سکیورٹی رانا تنویراحمد خان نے کہا کہ حکومتی ہدایات اور پالیسی کی روشنی میں پاسکونے پنجاب کی 141تحصیلوں میں سے13تحصیلوں کا انتخاب کرکے گندم کی خریداری مہم شروع کردی ہے اور متعلقہ کاشتکاروں وکسانوں کو انتہائی شفاف طریقے سے باردانہ بھی فراہم کیا جا رہاہے تاکہ پاسکو کی جانب سے مقرر کیا گیا گندم کی خرید کا ہدف بروقت مکمل کیا جا سکےوہ ہفتہ کے روز پاسکو گندم خرید سنٹر نیا لاہور جھنگ روڈتحصیل گوجرہ ضلع ٹوبہ کے دورہ کے موقع پر اظہار خیال کررہے تھے۔ اس موقع پرڈپٹی کمشنر ٹوبہ ٹیک سنگھ محمد نعیم سندھو،ایم ڈی پاسکوعماد نذیر،ڈپٹی سیکرٹری سی ایم آفس رابعہ محسن،اسسٹنٹ کمشنر گوجرہ نعمان علی ڈوگر،انچارج پاسکوویٹ پرچیز سنٹر نیا لاہور جھنگ روڈ امیر علی،اسسٹنٹ انچارج حافظ نعمان و دیگر بھی موجود تھےایم ڈی پاسکوعماد نذیرنے اس موقع پر وفاقی وزیر کو پاسکو گندم خریداری سنٹرز کے متعلق بریفنگ دی۔وفاقی وزیر نے سنٹر پرباردانہ کے حصول اور گندم کی فروخت کیلئے آنیوالے کسانوں اور کاشتکاروں سے باردانہ کی فراہمی بارے دریافت کیا اور درپیش مسائل سے بھی
آگاہی حاصل کی جبکہ متعلقہ حکام کوموقع پر ہی مسائل کے فوری حل کی ہدایات جاری کیں۔رانا تنویر احمد نے کہا کہ حکومتی پالیسی کی روشنی میں پاسکو نے اپنے مقررہ ہدف کے مطابق گندم خریداری مہم شروع کردی ہے جس میں مکمل شفافیت کو برقرار رکھا جا ئے گا۔انہوں نے کہا کہ چونکہ گندم کی بہترین پیداوار حاصل ہوئی ہے لہٰذا پاسکواپنا تفویض کردہ ہدف جلد مکمل کرلے گا۔وفاقی وزیر فوڈ سکیورٹی نے کہا کہ باردانہ کے متعلق شکایات موصول ہونے کا وزیراعظم میاں شہباز شریف نے سخت نوٹس لیا ہے اسلئے فوری طور پر ایک نیا سسٹم بنایا اورصاف شفاف طریقے سے باردانہ کی تقسیم کا نظام وضع کیا گیاہے تاکہ کاشتکاروں کو اس ضمن میں کسی مشکل یا پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ انہوں نے کہا کہ پاسکو کواب تک88 ہزار کے قریب درخواستیں موصول ہوئی ہیں جن میں سے 1500 کے قریب درخواستوں کی تصدیق کرلی گئی ہے اور حسب ضابطہ باقی کی تصدیق کا عمل جاری ہے۔انہوں نے بتایا کہ زمینداروں سے گندم کا ایک ایک دانہ خرید کیاجائے گا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف اورسابق وزیراعظم نواز شریف نے کاشتکاروں کے مسائل کی صحیح ترجمانی کی ہے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ آئندہ کسانوں کو کھاد بھی سستی فراہم کی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اللہ کا خاص فضل و کرم ہے کہ موسمی تغیرات اور ماحولیاتی تبدیلیوں کے باوجود اس بار گندم کی شاندار فصل ہوئی ہے جس سے ملک کی غذائی اجناس کی ضرورت باآسانی پوری بلکہ اضافی گندم برآمد بھی ہوسکے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم شہباز شریف کی خصوصی ہدایت پر تمام محکموں کے سربراہان گندم خریداری سنٹرز کا وزٹ کر رہے ہیں تاکہ کاشتکاروں کو کوئی دشواری نہ ہو تاہم اگر پھر بھی کاشتکاروں کے کوئی مسائل ہیں تو آپ ہمیں آگاہ کریں ہم ان کا فوری حل یقینی بنائیں گے۔رانا تنویر احمد نے کہا کہ اگرضرورت پڑی توپاسکوگندم کی خریداری کا ہدف مزید بڑھا سکتاہے۔انہوں نے کہا کہ صنعت اور زراعت ملکی معیشت میں ریڑھ کی حیثیت رکھتی ہے اسلئے حکومت کا عزم ہے کہ اگر کسان خوشحال ہوگا تو ملک خوشحال ہو گالہٰذاحکومت زراعت کی ترقی کیلئے خصوصی اقدامات ممکن بنارہی ہے۔ انہوں نے متعلقہ سٹاف پر واضح کیا کہ گندم خریداری مہم کے دوران کسی قسم کی کرپشن، کوتاہی یا لاپرواہی برداشت نہیں کی جا ئے گیاس موقع پر ایم ڈی پاسکوعماد نذیرنے بتایا کہ پاکستان ایگریکلچرل سٹوریج اینڈ سروسز کارپوریشن لمیٹڈ(پاسکو)کی جانب سے گندم کی خرید،کاشتکاروں کی معاونت اور معاشی استحکام کیلئے شفاف اور منصفانہ نظام کے تحت باردانہ کی تقسیم کیلئے رجسٹریشن کاسلسلہ جاری ہے اور یہ عمل خریداری کا ہدف پورا ہونے تک جاری رہے گالہٰذا ایسے تمام کاشتکار جن کا رقبہ 12.5 ایکڑ تک ہے اور وہ صرف پاسکو کے تفویض کردہ علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں وہ رجسٹریشن کروانے کے اہل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ رجسٹریشن روزانہ صبح 9 بجے سے شام 5 بجے تک کی جارہی ہے جبکہ باردانہ بحساب 8 عدد بوریاں 100 کلو گرام فی ایکڑ اور زیادہ سے زیادہ 100 عدد بوریاں جاری کی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ باردانہ ” پہلے آیئے پہلے پائیے” کی بنیاد پر جاری کیا جارہا ہے جو کہ رجسٹریشن اورر یو نیو ریکارڈ کی تصدیق سے مشروط ہے۔انہوں نے کہا کہ رجسٹر یشن مکمل ہونے کے بعد رجسٹریشن کمیٹی درخواست دہندہ کے کوائف کی تصدیق اور جانچ پڑتال کے نتیجے میں صرف اہل امیدواروں کی فوقیت فہرست جاری کررہی ہے جسے روزانہ کی بنیاد پر متعلقہ سنٹر پر آویزاں کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ صرف اہل امیدوار بذریعہ مطلوبہ باردانہ سیکو رٹی 530 روپے فی بیگ کے حساب سے پے آرڈر، ڈیمانڈ ڈرافٹ یا کال ڈیپازٹ کی صورت میں جمع کرانے کے بعد سنٹر انچارج سے باردانہ وصول کرسکتے ہیں۔انہوں نے بتایاکہ کاشتکاروں کوفی 100 کلوگرام بوری پر 40 روپے ڈیلیوری چارجز کی مد میں بھی ادا کئے جائینگے۔انہوں نے کہا کہ کاشتکار مزید رہنمائی اور دیگر شرائط و ضوابط کی تفصیل کیلئے متعلقہ اسسٹنٹ کمشنر (ریونیو)، زونل ہیڈ، پروجیکٹ منیجر اور سنٹر انچارج سے بھی رابطہ کرسکتے ہیں جبکہ اس سلسلہ میں قائم پاسکو کے ٹال فری نمبر 72772-0800 پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔