ڈبلن۔: (اسپورٹس ڈیسک ):آئرلینڈ نے پاکستان کو پہلے ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل میں دلچسپ مقابلے کے بعد 5 وکٹوں سے شکست دے دی، قومی ٹیم کا183 رنز کا ہدف میزبان ٹیم نے آخری اوور کی پانچویں گیند پر حاصل کرلیا، آئرش ٹیم کو تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی، اینڈی بلبیرنے کو 55 بالوں پر 77 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے پر پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔جمعہ کو کیسل ایونیو ڈبلن میں کھیلے گئے 3 میچوں کی سیریز کے پہلے ٹی20 میں آئرلینڈ کے کپتان نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم نے مقررہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 182 رنز بنائے، کپتان بابر اعظم 57، صائم ایوب 45 اور فخر زمان 20 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ دیگر بیٹرز میں محمد رضوان ایک، اعظم خان اور شاداب خان صفر پر پویلین لوٹ گئے ۔ اس موقع پر افتخار احمد نے شاہین آفریدی کے ساتھ مل کر مجموعی سکور کو 182 تک پہنچا دیا، افتخار احمد 37 اور شاہین آفریدی14 رنز کے ساتھ ناٹ آئوٹ رہے۔ آئرش بائولر کریگ ینگ نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ گیرتھ ڈیلانے اور مارک اڈایر نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ آئرلینڈ نے پاکستان ٹیم کا 183 رنز کا ہدف دلچسپ مقابلے کے بعد آخری اوور کی پانچویں بال پر 5 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا، اوپننگ بیٹر اینڈی بلبیرنے نے 55 بالوں پر 77 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا۔ دیگر بیٹرز میں ہیری ٹیکٹر 36 اور جورج ڈوکریل 24 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ گیرتھ ڈیلانے 10 اور کرٹس کیمفر 15 رنز کے ساتھ ناقابل شکست رہے۔پاکستان کی طرف سے عباس آفریدی نے 36 رنز دے کر 2 جبکہ شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور عماد وسیم نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ لیگ سپنر شاداب خان 4 اوورز میں 54 رنز دے کر مہنگے ترین بائولر رہے۔ اس فتح کے بعد آئرش ٹیم کو تین میچوں کی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔